نئی دہلی: دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین شیخ الحدیث، حضرت مفتی سعید احمد پالنپوری کے سانحۂ ارتحال پر آل انڈیا ملی کونسل کے ذمہ داران نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں شدید حزن وملال کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے حق میں بلندیئ درجات کی دعائیں کی ہیں۔
کونسل سے جاری تعزیتی بیان میں ملی کونسل کے صدر حضرت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی، جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم اور معاون جنرل سکریٹری ملی کونسل، شاہ قادری سید مصطفی رفاعی جیلانی ندوی بنگلور نے حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری کی رحلت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مفتی صاحب بہترین واعظ، غیر معمولی فقیہ اور محدث ومصنف تھے۔ رب العالمین نے دارالعلوم دیوبند کے سبھی متعلقین، طلبہ اور منتسبین کے درمیان انھیں مقبولیت بھی عطا کی تھی۔ بلاشبہ مولانا علیہ الرحمہ اپنی صائب رایوں اور اظہار حق گوئی کے لیے معروف تھے۔ اللہ عزوجل ان کی مغفرت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر و عزیمت کی توفیق مرحمت فرمائے۔ ملت اسلامیہ ہند اور بالخصوص اکابر دیوبند و متعلقہ اداروں کا حضرت مفتی صاحب علیہ الرحمہ کے چلے جانے سے بے حد نقصان ہو گیا ہے جس کا نعم البدل ملنا مشکل ہے۔ اس موقع پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مفتی سعید احمد پالنپوری کے فرزند ارجمند مولانا قاسم احمد پالن پوری اور افراد خاندان کے ساتھ گہری تعزیت پیش کی ہے اور اپنے شدید ہمدردی اور تعلق کا اظہار کیا ہے۔