بنگلورو تشدد: 61 ملزمین پر یو اے پی اے ، کمشنر نے کہا شواہد کی بنیاد پر ہوگی کارروائی

بنگلورو: بنگلور میں تشدد کیس میں پولیس نے 61 لوگوں کے خلاف یو اے پی اے کے تحت کارروائی کی ہے۔ پولیس کمشنر کمل پنت نے بتایا کہ شواہد کی بنیاد پر اس معاملے کی جانچ کی جارہی ہیں۔ اسی بنیاد پر ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہے، جو بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہے اسے جلد پکڑا جائے گا۔ اس سے قبل بدھ کے روز سمیع الدین کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے والے مرکزی کرائم برانچ (سی سی بی) نے گرفتار کیا تھا۔ اس پر ڈی جے ہلی پولیس اسٹیشن میں تشدد کی سازش میں ملوث ہونے اور ہجوم کو بھڑکانے کا الزام ہے۔ ان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کی گئی تھی۔سی سی بی کے مطابق سمیع الدین رودریش قتل کیس کے ملزم کے رابطے میں تھا اور وہ کئی سالوں سے الہند کا ممبر تھا۔ فی الحال اسے گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ بنگلور پولیس نے اب تک تقریباً 300 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے بیشتر خود کو بے قصور بتا رہے ہیں۔