بہار انتخابات: سب سے زیادہ سیٹیں اور ووٹ شیئر حاصل کرنے والی پارٹی بنی آر جے ڈی

آر جے ڈی اور کانگریس کا مہاگٹھ بندھن خواہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا، تاہم آر جے ڈی ایک ان انتخابت میں 75 سیٹیں حاصل کر کے سب سے بڑی پارٹی بننے میں کامیاب رہی

پٹنہ: (یو این آئی) بہار انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کیا جا چکا ہے اور نتیش کی قیادت والے این ڈی اے کو اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ آر جے ڈی اور کانگریس کا مہاگٹھ بندھن خواہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا، تاہم آر جے ڈی ایک ان انتخابت میں 75 سیٹیں حاصل کر کے سب سے بڑی پارٹی بننے میں کامیاب رہی۔ بی جے جی دوسرے مقام پر جبکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جے ڈی یو تیسرے مقام پر کھسک گئی ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کئے گئے تمام 243 سیٹوں کے نتائج کے حتمی اعداد و شمار کے مطابق بہار جے ڈی یو اور بی جے پی کے اتحاد این ڈی اے کے کھاتے میں 125 سیٹیں آئی ہیں جوکہ اکثریت کے ہدف 122 سے تین زیادہ ہیں جبکہ شروعاتی رجحانوں میں آگے چل رہا آر جے ڈی، کانگریس اور لیفٹ پارٹیوں کا مہاگٹھ بندھن 110 سیٹوں تک ہی محدود رہ گیا۔
این ڈی اے کی حلیف جماعت بی جے پی کے کھاتے میں 74 سیٹیں آئی ہیں اور وہ اتحاد کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے تاہم اس کی سیٹوں کی تعداد آر جے ڈی سے ایک کم ہے۔ این ڈی اے کی دوسرے حلیف جماعت جے ڈی یو کو 43 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔
ووٹ فیصد پر نظر ڈالیں تو سب سے زیادہ ووٹ شیئر 23.1 فیصد آر جے ڈی کے کھاتے میں گیا۔ وہیں کانگریس کے حصہ میں 9.48 فیصد جبکہ لیفٹ کے حصہ میں 1.48 فیصد ووٹ گئے۔ وہیں این ڈی اے میں بی جے پی کو 19.46 فیصد اور جے ڈی یو کو 15.38 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔
حتمی نتائج کے مطابق بی جے پی کو 74، جے ڈی یو کو 43، وکاسشیل انسان پارٹی کو 4 اور ہندوستانی عوام مورچہ کو 4 حاصل ہوئی ہیں۔ جبکہ مہاگٹھ بندھن کی آر جے ڈی کو 75، کانگریس کو 19، سی پی آئی مالے کو 12، سی پی ایم کو 2 اور سی پی آئی کو 2 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔
وہیں، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے 5، بہوجن سماج پارٹی نے ایک، لوک جن شکتی پارٹی نے ایک نشست حاصل کی جبکہ آزاد امیدواروں کو ایک نشست حاصل ہوئی۔
اسمبلی انتخابات 2015 میں آر جے ڈی-کانگریس-جے ڈی یو کے مہاگٹھ بندھن نے بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے کو شکست دی تھی۔ لالو پرساد یادو کی پارٹی آر جے ڈی نے سب سے زیادہ 80 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو نے 71 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ بی جے پی کو 53، کانگریس کو 27، ایل جے پی کو 2، آر ایل ایس پی کو 2، ہم کو ایک اور دیگر کو 7 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔
اسمبلی انتخابات 2020 میں جے ڈی یو کو 28، آر جے ڈی کو 5، کانگریس کو 8، ایل جے پی نے ایک نشستوں کا نقصان ہوا ہے۔ وہیں، بی جے پی کو پچھلے انتخابات کے مقابلے میں 21 نشستوں کا فائدہ ہوا ہے۔