دہلی: زرعی قوانین کے خلاف راہل – پرینکا نے دکھایا دَم

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں پہلے راج بھون کا گھیراؤ کیا گیا اور اس کے بعد کانگریس کارکنان کا قافلہ جنتر-منتر پہنچا۔

متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کانگریس نے آج ملک گیر مظاہرہ کیا اور دہلی میں اس مظاہرے کی قیادت کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کی۔ ہزاروں کانگریس کارکنان کے ساتھ پہلے راہل گاندھی نے راج بھون کا گھیراؤ کیا، اور پھر قافلہ جنتر-منتر پہنچا۔ کانگریس کارکنان دہلی کے کئی مقامات سے ایک جگہ جمع ہوئے اور اس دوران انھیں پولس کی سختی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ کچھ مقامات پر پولس کے ساتھ ہوئے تصادم میں کانگریس کارکنان کو چوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار اور خاتون لیڈر الکا لامبا سمیت کانگریس کے سرکردہ لیڈران کے ساتھ ساتھ سرگرم کارکنان نے مودی حکومت کے خلاف اس مظاہرہ میں حصہ لیا۔
(بشکریہ قومی آواز)