شب معراج و شب برات کے موقع پرمساجد میں نمازیوں کو عبادت کی اجازت رہے گی لیکن مرحلہ وار چالیس سے پچاس نمازیوں کو جسمانی فاصلہ بر قرار رکھ کر ہی عبادت کرنے کی اجازت ہوگی۔
ممبئی: (ایم اے لطیف) ممبئی اور ریاست مہاراشٹر میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیشِ نظر ریاستی حکومت اور انتظامیہ دوبارہ سرگرم ہوگئی ہے۔ ریاستی حکومت نے ایک جی آر جاری کرتے ہوئے شب معراج اور شب برات کے پیش نظر عوامی تقریبات پر وقتی پابندی عائد کر دی ہے کیونکہ ریاست میں کورونا وبا میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اس کے پس منظر میں حکومت مہاراشٹر نے شب معراج اور شب برات کےلئے گائڈ لائن مرتب کی ہے ۔
شب معراج و شب برات میں تمام مسلمان مساجد ، عبادتگاہوں اور خانقاہوں میں حاضری دے کر عبادت کرتے ہیں اور شب معراج و شب برات دونوں ہی شبیں مسلمانوں کافی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں ۔ مسلمان مساجد اور قبرستان میں جاکر عبادات کا اہتمام کرتے ہیں اور ان راتوں میں مساجد عبادت و ریاضت کا اہتمام ہوتا ہے۔ مسلمان رات بھر عبادت میں مشغول رہتے ہیں جس کی وجہ سے مساجد اور قبرستانوں میں بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے اس لئے اس سال شب معراج و شب برات پر بھیڑ کے جمع ہونے پر حکومت ِ مہاراشٹر نے پابندی عائد کردی ہے اور مقررہ حد میں ہی مساجد اور قبرستانوں میں عبادت وریاضت کی اجازت دی ہے ۔
واضح رہے 11 مارچ کی شب سے 12 مارچ کی صبح تک کسی بھی قسم کے جلسے جلوس اور عوامی تقریبات پر پابندی عائد رہے گی۔ اسی طرح 28 مارچ شب برات میں بھی کسی بھی قسم کی بھیڑ بھاڑ کرنے پر پابندی عائد رہے گی تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کے خطرات پر قابو پایا جاسکے۔
مساجد اور اس کے اطراف میں دکانوں اور دیگر کاروبار اور بازاری مصروفیات کے دوران جسمانی فاصلہ اور کورونا وبا کے اصول و ضوابط کی پابندی لازمی قراردی گئی ہے۔ شب معراج اور شب برات میں مذہبی پروگرام کےلئے کھلے میدان میں اجازت ہوگی لیکن اس کے لئے اصولوں کی پابندی لازمی ہے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جانا ضروری ہے کہ یہاں بھیڑ بھاڑ نہ ہو ۔کورونا وبا کے سبب دفعہ144 نافذ العمل ہے اس کی پاسداری ضروری ہے۔ شب معراج اور شب برات کے وعظ اور دیگر مذہبی تقریبات کےلئے اجازت نامہ ضروری ہے اس کے ساتھ ہی آن لائن ، کیبل نیٹ ورک ، ویب سائٹس اور دیگر سوشل سائٹس پر مذہبی تقریبات نشر کی جائیں کیونکہ کورونا وبا کے سبب اصول و ضوابط کی پابندی عائد رہے گی ۔ بازآبادکاری محکمہ ،محکمہ صحت اور بی ایم سی کے وضع کردہ اصول و سختی سے عمل کرنا لازمی ہوگا ۔ریاستی سرکار نے کورونا وبا کے دوران جو حکمنامہ جاری کیا ہے وہ مہاراشٹر سرکار کے آن لائن ویب سائٹس پر موجود ہے ۔ممبئی پولیس بھی اس سلسلے میں تمام مساجد اور قبرستانوں سمیت دیگر خانقاہوں میں بندوبست کا انتظام کرے گی۔ ممبئی پولیس باضابطہ طور پر دونوں بڑی راتوں میں اصولوں کی پابندی کےلئے مساجد اور خانقاہوں کے باہر تعینات رہے گی ۔ واضح رہے کہ مساجد اور قبرستان کے ذمہ داران کو گائیڈلائن پر عمل کرنے کی پر زور دیا گیا ہے۔
شب معراج و شب برات کےموقع پر نظر مساجد میں نمازیوں کو عبادت کی اجازت رہے گی لیکن مرحلہ وار چالیس سے پچاس نمازیوں کو ہی جسمانی فاصلہ بر قرار رکھ کر مساجد و قبرستانوں و مذہبی مقامات میں جانے کی اور عبادت کرنے کی اجازت ہوگی اسکے ساتھ ہی ماسک لگانا اور فاصلہ قائم رکھنا لازمی ہوگا۔