حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی کی ضرورت ملت کو سب سے زیادہ تھی، ان کا داغ مفارقت دینا پوری ملت اسلامیہ کے لیے عظیم خسارہ ہے: مولانا انیس الرحمن قاسمی

پھلواری شریف: (پریس ریلیز) حضرت امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی کے انتقال کی خبر آج جیسے ہی آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر میں پہونچی، تو سارے کام روک دیئے گئے اور تعزیتی نشست حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی، اس نشست کا آغاز قاری مولانا ابوشحمہ ندوی صاحب کی تلاوت سے ہوا، اس تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی نے فرمایا کہ آج جب کہ حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی کی ضرورت ملت کو سب سے زیادہ تھی، تو ان کا داغ مفارقت دینا پوری ملت اسلامیہ کے لیے عظیم خسارہ ہے، مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ حضرت امیرشریعت مرحوم جرأت و بے باکی اور علم و عمل میں مثال آپ تھے، رحمانی فاؤنڈیشن، جامعہ رحمانی مونگیر، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور امارت شرعیہ کے پلیٹ فارم سے انہوں نے جو ملت کی خدمات انجام دی ہیں وہ آبِ زر سے لکھے جانے کے قابل ہے، امیر شریعت کی وفات سے آج پوری ملت اسلامیہ یتیم ہو گئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ میرے ان سے دیرینہ اور گہرے روابط تھے جو چالیس سالوں پر محیط ہے، ان کی وفات میرا ذاتی خسارہ ہے، اللہ تعالیٰ حضرت امیر کی بال بال مغفرت فرمائیں اور ان کو پوری ملت کی طرف سے بہترین بدلہ عطا کرے،اس تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے کارگزار جنرل سکریٹری مولانا محمد نافع عارفی نے کہا کہ حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی اور ان کے خاندان سے ہمارے خاندان کا گہرا اورقلبی تعلق تھا، اور ان کے والد حضرت امیر شریعت رابع حضرت مولانا سید منت اللہ رحمانی ہمارے جد امجد حضرت مولانا محمد عارف ہرسنگھ پوری کے خلیفہ اور مجاز تھے، جب کہ خود حضرت مولانا محمد عارف صاحب حضرت مولانا محمد علی مونگیری کے خلیفہ تھے، اس محبت اورتعلق کو حضرت مولانا سید ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ نے بہت حد تک نبھایا، حضرت مولانا رحمانی مرحوم تصلب فی الدین اورغیر اسلامی غیرت و حمیت نے اپنے والد کے پوتو تھے، وہ ایک عظیم خانوادے کے عظیم فرد تھے، جنہوں نے ملت کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بلند کرے۔اس تعزیتی نشست میں مولانا نورعالم رحمانی نائب آرگنائزر آل انڈیا ملی کونسل بہار، مولانا رضاء اللہ قاسمی، مولانا نعمت اللہ ندوی، مولانا ابونصر ہاشم ندوی، مولانا نسیم احمد قاسمی، مولانا محمد ابونصر عالم ندوی، وغیرہ حضرات شریک تھے۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں