مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی جارحیت پر جماعت اسلامی ہند کا شدید رد عمل، کہا – بزدلانہ اور مذموم حرکت

جماعت اسلامی ہند کے امیرسید سعادت اللہ حسینی نے اسرائیلی پولیس کے ذریعہ مسجد اقصیٰ پر حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل پولیس کا یہ بزدلانہ عمل اشتعال پھیلانے والا ہے، لہٰذا عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں جتنی جلد ممکن ہو نوٹس لے اور ضروری کارروائی کرے۔ میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ ہم مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصیٰ پرحملے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور حملہ آور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کی گولی باری اور تشدد میں 178 نمازیوں کو چوٹیں آئی ہیں جبکہ 88 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں مسجد الاقصی کے احاطے اور یروشلم کے مختلف اسپتالوں میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ اسرائیل کا یہ رویہ نہایت ہی قابل نفرت و مذمت ہے کیونکہ ماہ رمضان کے آخری دنوں میں جب مسلمان اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت و ریاضت میں گزارتے ہیں۔ اس حادثے کو انجام دیا گیا ہے تاکہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کونقصان پہنچایا جاسکے۔
دنیا بھر کے مسلمان مسجد اقصی کے لئے اپنے دلوں میں نہایت ہی عقیدت اور احترام رکھتے ہیں۔ لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ فوری طور پر اس حادثے کا نوٹس لے اور اسرائیلی حکومت کو اس طرح کے مذموم کردار سے باز رہنے اور سرکاری طور پر معافی نامہ جاری کرنے کا پابند بنائے۔ ہم ہندوستان کی حکومت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس حادثے کی مذمت کرے اور اسرائیلی سفیر کو بلاکر اس سلسلے میں بیان جاری کرے۔