’یو پی کے بی جے پی اراکین اسمبلی کو سچ بولنے کی آزادی نہیں‘، بی جے پی رکن اسمبلی کا سنسنی خیز بیان

سیتاپور ضلع کے بی جے پی رکن اسمبلی راکیش راٹھوڑ نے اتر پردیش میں اپنی ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جیسے اراکین اسمبلی کو سچ بولنے کی کوئی آزادی نہیں ہے۔
سیتاپور ضلع کے بی جے پی رکن اسمبلی راکیش راٹھوڑ نے اتر پردیش میں اپنی ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جیسے اراکین اسمبلی کو سچ بولنے کی کوئی آزادی نہیں ہے۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس سے میرے خلاف ملک دشمنی کا الزام لگ سکتا ہے۔‘‘
سیتاپور میں ٹراما سنٹر کھولنے کے بارے میں پوچھے جانے پر راکیش راٹھوڑ نے کہا کہ ’’میں نے کئی اقدام اٹھائے ہیں، لیکن اراکین اسمبلی کا قد کیا ہے؟ اگر میں بہت زیادہ بولتا ہوں تو میرے خلاف ملک دشمنی کا الزام لگایا جا سکتا ہے۔‘‘ جب ان سے اپنے بیان پر وضاحت طلب کی گئی تو انھوں نے کہا ’’کیا آپ کو لگتا ہے کہ رکن اسمبلی اپنے من کی بات کہہ سکتے ہیں؟ آپ جانتے ہیں کہ میں نے پہلے بھی سوال اٹھائے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پہلی بار رکن اسمبلی بنے راکیش راٹھوڑ ریاست میں 2017 اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ انھوں نے قبل میں آزاد امیدوار کی شکل میں الیکشن لڑا تھا اور بہوجن سماج پارٹی سے بھی منسلک رہے تھے۔ گزشتہ سال راٹھوڑ کو ایک ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ بھی دیا گیا تھا جس میں انھوں نے واضح لفظوں میں لاک ڈاؤن کے شروعاتی دنوں کے دوران موم بتی جلانے اور تھالیاں پیٹنے کے لیے پی ایم نریندر مودی کے اعلان پر سوال اٹھایا تھا۔