یوپی: بلیک فنگس کا قہر جاری، اب تک 54 مریضوں نے گنوائیں آنکھیں

لکھنو: عالمی وبا کورونا وائرس کی خطرناکی سے ابھی عوام کو راحت بھی نہیں ملی ہے کہ نئے مرض بلیک فنگس نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔بلیک فنگس کی شناخت کےبعد سے اب تک ریاست میں تقریبا ایک ہزار سے زیادہ مریض اس کی زد میں آچکے ہیں جن میں سے 54 نے اپنی آنکھیں اور 80افراد نے جانیں گنوائیں ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے موصول ہورہی اطلاعات کے مطابق بلیک فنگس کاقہر بڑھتا جارہا ہے لیکن اس کا مکمل علا ج ابھی نادارد ہے۔بڑے شہروں کی حالت تو قدر غنیمت ہے لیکن چھوٹے شہروں میں بلیک فنگس کے مریضوں کو صرف ریفر کرنے کے سوا ڈاکٹروں کے پاس کوئی اور چارہ نہیں ہے، اور حالت ہے یہ کہ جب تک ایسے مریض ہائر سنٹر پہنچتے ہیں ان کی حالت بگڑ چکی ہوتی ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے بلیک فنگس کی دوائیوں کی کمی نہ ہونے دینے کی ہدایت کے باوجود حقیقت یہ ہے کہ ریاست میں نہ تو دوائیوں کی دستیابی کی جانچ کا کوئی نظم نہیں ہے۔اور نہ ہی مریضوں کی مانیٹرنگ کا کوئی سسٹم۔پرائیویٹ اسپتالوں میں بلیک فنگس کے مریض زیر علاج ہیں لیکن محکمہ صحت کے پاس اس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔