مولانا بدرالدین اجمل دارالعلوم امدادیہ ٹرسٹ کے صدر منتخب

ممبئی: (ملت ٹائمز) ممبئی شہر کے مرکزی تعلیمی ادارے دارالعلوم امدادیہ چونا بھٹی مرکز محمدعلی روڈ کے ٹرسٹ بورڈ کی آج میٹنگ ہوئی، جس میں ٹرسٹ بورڈ کے چیرمین کے منصب کے لئے مولانا بدرالدین اجمل قاسمی کو متفقہ طور پر منتخب کیا گیا، واضح رہے کہ چند ماہ قبل مولانا جنید بنارسی کے انتقال سے چیئر مین کی جگہ خالی تھی، مولانا بدرالدین اجمل دارالعلوم امدادیہ کے ابنائے قدیم میں سے ہیں، اس لئے اراکین نے امید ظاہر کی کہ مولانا کی سرکردگی میں مدرسہ مزید آگے بڑھے گا ـ کرونا کی وجہ سے پچھلے سال سے ٹرسٹ بورڈ کی کوئی باضابطہ میٹنگ نہیں ہوپائی تھی ۔
موجودہ میٹنگ میں کرونا کی وجہ سے مدارس کی تعلیمی صورت حال اور مالیات پر بھی گفتگو ہوئی، طے پایا کہ حکومت کی واضح گائیڈ لائن آنے کے بعد نئے داخلوں پر غور کیا جائے گا، مالیات کے سلسلے میں اصحاب خیر سے اپیل کی گئی کہ مدارس کا وجود ہندوستان میں مسلمانوں کی بقا اسلامی شناخت کے تحفظ کی ضمانت ہے اس لئے موجودہ حالات میں مدارس کا خصوصی خیال رکھیں ۔
میٹنگ میں مولانا بدرالدین اجمل کے علاوہ ناظم اعلی حافظ عظیم الرحمان، نائب ناظم مولانا محمود دریابادی، حافظ اقبال چوناوالا، ابوبکر باٹلی والا، ڈاکٹر عبدالروٍف سمار کے ساتھ شعیب جمخانہ والا بھی آن لائن شریک رہے ۔
سابق چیئرمین مولانا جنید بنارسی اور دیگر اکابرین کے لئے تجویز تعزیت اور تمام مرحومین کے لئے دعا وایصال ثواب بھی کیا گیا ۔