کانگریس کے ’مظاہرہ‘ سے بی جے پی خوفزدہ، یو پی کانگریس صدر کو کیا نظربند!

یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو نے یوگی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ یہ سرکار دہشت گرد کی طرح کام کر رہی ہے اور اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ جرائم پیشوں جیسا روش اختیار کر رہی ہے۔
ایندھن کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کے خلاف سبھی پٹرول پمپوں پر مظاہرہ کرنے کے کانگریس کے پروگرام سے کچھ گھنٹے پہلے اتر پردیش کانگریس صدر اجے کمار للو کو جمعہ کی صبح ان کے گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔ یو پی سی سی صدر کی رہائش کے باہر پولس تعینات کر دی گئی ہے اور انھیں مطلع کیا گیا ہے کہ انھیں باہر نہیں نکلنے دیا جائے گا۔

ضلع کے ایک افسر نے کہا کہ ریاست کی راجدھانی میں کرفیو نافذ ہونے کے سبب کسی بھی مظاہرہ کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ کسی شخص کا کوئی بھی جلسہ کرنا اس قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔ للو نے فون پر نامہ نگاروں سے کہا کہ انھیں یاد بھی نہیں ہے کہ ریاستی حکومت نے انھیں کتنی بار حراست میں لینے اور احتجاجی مظاہرہ کرنے سے روکنے کے لیے پولس فورس کا استعمال کیا ہے جو ان کا جمہوری اور سیاسی حق ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ حکومت دہشت گردی کی طرح کام کر رہی ہے اور اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ جرائم پیشوں جیسا سلوک کر رہی ہے۔
اجے کمار للو کا ایک ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ جس طرح پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، عام آدمی کے گھر سے نوالے چھنتے جا رہے ہیں۔ غریب، متوسط طبقہ، کاروباری، کسان، ہر طبقہ مہنگائی سے پریشان ہے۔ نظربندی کے بعد اجے کمار للو نے کہا کہ ’’آج لکھنؤ واقع میری رہائش پر پھر پولس کے پہرے لگا دیے گئے۔ ہمیں تحریک چلانے کی آزادی نہیں ہے۔ لیکن کسان سے ڈیزل-پٹرول میں، عام آدمی سے سرسوں تیل میں انھیں لوٹنے کی پوری آزادی ہے۔ جمہوریت اپنے سیاہ باب سے گزر رہی ہے۔‘‘