لالو کی سالگرہ پر تیج پرتاپ کی مانجھی سے ملاقات، بہار میں سیاسی قیاس آرائیاں شروع

دونوں لیڈران کے درمیان بند کمرے میں ملاقات ہوئی اور دنوں اسے خاندانی ملاقات قرار دے رہے ہیں تاہم اس ملاقات کے بعد ریاست میں سیاستی پارہ چڑھ گیا ہے

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جی ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کے سالگرہ کے موقع پر جمعہ کے روز ان کے بیٹے اور ریاست کے سابق وزیر صحت تیج پرتاپ سنگھ یادو ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کی رہائش پر ان سے ملاقات کے لئے پہنچے۔

دونوں لیڈران کے درمیان بند کمرے میں ملاقات ہوئی۔ دنوں لیڈران اسے خاندانی ملاقات قرار دے رہے ہیں تاہم اس ملاقات کے بعد ریاست میں سیاستی پارہ چڑھ گیا ہے۔

تیج پرتاپ یادو دوپہر کے وقت مخلوط حکومت میں شامل جیتن رام مانجھی سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش پر پہنچے۔ دونوں لیڈران کی بند کمرے میں ملاقات کے بعد مانجھی نے کہا کہ یہ ایک خاندانی ملاقات تھی۔

دریں اثنا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مانجھی نے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد سے فون پر بھی بات کی ہے اور انہیں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی ہے۔ اس سے قبل مانجھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی لالو پرساد یادو کو یوم پیدائش کی مبارک باد پیش کی تھی اور ان کی عمر درازی اور ہمیشہ مسکراتے رہنے کی دعا کی۔

خیال رہے کہ برسراقتدار آر جے ڈی میں شامل مانجھی کئی دنوں سے مرکزی اور ریاستی حکومت کو مختلف مسائل پر نصیحتیں دے رہے ہیں۔ ایسے حالات میں تیج پرتاپ اور مانجھی کی ملاقات سے ریاست میں کئی طرح کے قیاس لگائے جا رہے ہیں۔

چارہ گھوٹالہ میں ضمانت ملنے کے بعد سے لالو پرساد بہار نہیں آئے ہیں۔ ان کے بہار آنے کے بعد ریاست کی سیاست میں ہلچل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔