ہماری سرکار اردو کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہے: وزیراعلیٰ، دہلی وائس چیئرمین اکادمی حاجی تاج محمد سے خصوصی ملاقات میں متعلقہ مسائل کے حل کی یقین دہانی

نئی دہلی: ( ملت ٹائمز) اردو اکادمی، دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے خصوصی ملاقات کی اور اردو اساتذہ کی تقرری کے معاملے میں عمر کی سابقہ حد 42 سال بحال کرنے کی ان سے گزارش کی۔ اس ملاقات میں اکادمی کے دیگر مسائل اور اردو زبان سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے تمام بات چیت کو بہت سنجیدگی سے سنا اور دہلی حکومت کی طرف سے سے یقین دہانی کرائی کہ جو اردو زبان کے فروغ کے لیے ہوسکتا ہے وہ سرکار ضرور کرے گی۔
وائس چیئرمین اکادمی نے حکومت دہلی بالخصوص وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ ایک مدت کے بعد دہلی میں اردو اساتذہ کی اسامیاں اتنی بڑی تعداد میں سرکار کے ذریعے نکالی گئی ہیں جو یقیناً ایک بڑا قدم ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ حکومت عوام کے اعتماد سے چل رہی ہے اور ہم ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جو دہلی کے عوام بالخصوص زبانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جوتنظیمیں کام کر رہی ہیں ان کو نقصان پہنچے۔
وائس چیئرمین نے دبلی میں اردو اخبارات کے مالی بحران کی طرف بھی وزیراعلیٰ کی توجہ مبذول کرائی اور وزیراعلیٰ سے کہا کہ اردو اخبارات کو بھی حکومت دہلی دیگر زبانوں کے اخبارات کے حساب سے اشتہارات دے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر بھی اپنی آمادگی ظاہر کی کہ حکومت اس بات یقینی بنائے گی کہ اردو اخبارات کو ان کا جائز حق ملے۔
واضح رہے کہ اساتذہ کی عمر میں حد کے تعلق سے مختلف ملی و سماجی تنظیموں نے وائس چیئرمین اکادمی حاجی تاج محمد کو مکتوب لکھ کر ان سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سے بات کریں۔ ان تنظیموں میں ماڈرن انڈین لینگویجز آدھیاپک پریوارفار پیپلس فاؤنڈیشن امن سندیش کمیٹی، فیڈریشن فار ایجوکیشنل ڈولپمنٹ، مائناریٹی کمیونٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن، میسکاٹ ایجوکیشنل سوشل ویلفیئر سوسائٹی، محبان اردو ایجوکیشنل ٹرسٹ، جدید فاؤنڈیشن ، رائزنگ اینی شیٹیو فار آل، سرسید اجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ، کلام ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، ہنی میموریل سوسائٹی، سنیکت جن کلیان سمیتی،سروجن ہیتائے وکاس سیوا سمیتی، سوسائٹی فار سوشل ویلفیئر، ملت ویلفیئر کمیٹی، سہراب ماسی اور رفیع ٹرسٹ جیسے این جی اوز شامل ہیں۔ ان این جی اوز نے مشترکہ طور پر دہلی میں جو بڑی تعداد میں تمام زبانوں کے لیے اساتذہ کی اسامیاں نکالی گئی ہیں ان کی عمر کی حد 32 سال سے 42 سال کرنے کی گزارش کی گئی ہے، لہٰذا اس بنیاد پر وائس چیئرمین نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروندکیجریوال کو اردو اکادمی کی طرف سے این جی اوز کے حوالے سے ایک مکتوب دیا۔
دہلی میں لاک ڈاؤن ضروری سہولیات کے ساتھ چل رہا ہے اس کے باوجود وزیراعلیٰ نے اپنی تمام ترمصروفیات کے باوجود اردو اکادمی کے وائس چیئرمین کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں گورننگ کونسل کے ممبران جاوید رحمانی اور عبدالماجد نظامی موجود تھے۔
آخر میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اردو اکادمی کے ساتھ دہلی کی تمام اکادمیوں کے لیے ہماری سرکار ہمیشہ فلاح و بہبود کے لیے نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ جب بھی آپ کو ہماری ضرورت ہو تو آپ بلا جھجک ملاقات کرسکتے ہیں۔