رام مندر کے مبینہ زمین گھپلے کی سنوائی فاسٹ ٹریک کورٹ میں ہو: سنجے سنگھ

بی جے پی کے میئر اور ان کے بھتیجے کے ساتھ ٹرسٹ کے ذمہ داروں کے کھاتوں کی جانچ کرالی جائے تو مبینہ چندہ چوری کا پورا معاملہ صاف ہو جائے گا ۔
رام مندر ٹرسٹ سے جڑے مبینہ زمین گھوٹالہ کی وجہ سےعوام میں غصہ پیدا ہو رہا ہے اور عوام میں زبردست بے چینی پائی جا رہی ہے اس درمیان عام آدمی پارٹی(عآپ)کےرکن پارلیمان و اترپردیش کے انچارج سنجے سنگھ نے کل یوگی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رام مندر کے نام پر ہوئے مبینہ زمین گھپلے کی سنوائی فاسٹ ٹریک کورٹ میں کی جائے۔
سنجے سنگھ نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ ڈیڑھ سال بعد بھی رام مندر تعمیر کا کام رفتار نہیں پکڑسکا ہے۔ اس کی وجہ بی جے پی لیڈروں کی مبینہ چندہ چوری ہے۔ بی جے پی کے میئر رشی کیش تیواری، ان کے بھتیجے اورالزامات میں گھرے ٹرسٹ کے ذمہ داروں کے کھاتے کی جانچ کرالی جائے تو یہ ثابت ہوجائےگااور دودھ کا دودھ و پانی کا پانی ہو جائے گا۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ دو کروڑ کی زمین 18.50 کروڑ روپئے میں خریدنے کے معاملے میں چھ دن بعدبھی کوئی کاروائی نہ ہونا ثابت کرتا ہے کہ حکومت مبینہ چندہ چوروں کو بچانا چاہ رہی ہے۔ بی جے پی لیڈر ہی چندہ چوری میں شامل ہیں تو بی جے پی حکومت آخر کار کاروائی کیسے کرے۔
انہوں نے کہا کہ زمین خرید کے اس کھیل میں بی جے پی کے میئر اور ان کے بھتیجے کا نام بھی سامنے آرہا ہے۔ ان کے ساتھ ٹرسٹ کے ذمہ داروں کے کھاتوں کی جانچ کرالی جائے تو چندہ چوری کا پورا کھیل اجاگر ہوجائےگا۔ آج اگر رام مندر کی تعمیر وقت سے نہیں ہوپارہی ہے تو اس کی سب سے بڑی وجہ ٹرسٹ اور بی جے پی کی مبینہ چندہ چوری ہے۔عام آدمی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ جلد ازجلد رام مندر کی تعمیر مکمل کی جائے۔