جمعیۃ علماء ہند کا تاریخی قدم: تحفظ ختم نبوت اور نونہالان ملت کی تعلیم کیلئے کپورتھلہ میں سینٹر قائم کیا

تعلیم سے نور حاصل ہوتا ہے جس سے گمراہی کے امکانات معدوم ہوجاتے ہیں: مولانا ارشد مدنی

جالندھر: (معراج عالم بیورو رپورٹ) جمعیۃ علماء نے ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے پنجاب میں دینی تعلیم کو مزید عام کرنے اور تحفظ ختم نبوت کے عقیدہ کو مضبوط ومستحکم کرنے کے لئے مدرسہ دار ابو ایوب کپورتھلہ میں باقاعدہ سینٹر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعیۃ علماء کے قومی صدر مولانا سید ارشدمدنی صاحب 13جون کوکپورتھلہ کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے مسلمانوں کے مسائل کو سن کر فکر کا اظہار کیا۔ حضرت مولانا سید ارشد مدنی نے مدرسہ دار ابو ایوب کپورتھلہ کے ناظم مولانا امان اللہ مظاہری سے بات کی اور کپورتھلہ میں عقیدہ ختم نبوتؐ کا سینٹر قائم کرنے کے بعد جمعیۃ علماء کے قومی صدر مولانا سید ارشدمدنی نے کہا قوم کو اندھیرے سے نکالنااور نور نبوت سے مستفید کرنا نیز نونہالان ملت کے عقائد درست کرانا اس خطہ کا اولین مسئلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک مسلمان کی خیر خواہی کا تقاضہ یہی ہے کہ اس کے عقائد درست کرادیئے جائیں۔اس خطہ میں کافی عرصہ سے قادیانی سادہ لوح مسلمانوں کو گمراہ کیاکرتے ہیں ،وہ اللہ اور رسول کا نام بھی ہماری طرح لینے لگے ہیں ،مگر رسولِ خدا کو آخری نبی نہیں مانتے ہیں۔ یہی وہ بنیادی چیز ہے جس کے بغیر ایمان معتبر نہیں ماناجاتا ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا تعلیم وہ بنیادی چیز ہے جس کو حاصل کرنے کے بعد انسان نورِ نبوت کو پالیتا ہے۔ یکبارگی یہ نور حاصل ہوگیا تو پھر وہ دل ظلمت سے خالی ہوجاتا ہے اور اُس دل میں نور بھرجاتا ہے۔ ایسے انسان کے گمراہ ہونے کا امکان بہت ہی کم رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ فی الحال سینٹر میں دو علمائے دین کا تقرر کیا گیا ہے جو دیہی سطح پر محنت کریں گے اور لوگوں کو سمجھانے کے ساتھ ساتھ اُن کے بچوں کو علم سے روشناس کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جمعیة علما کا ایک بنیادی کام نیک سماج کی تشکیل بھی ہے۔ اُسی کے تحت یہ سینٹر قائم کیاگیا ہے۔
مفتی اعظم پنجاب مفتی ارتقاء الحسن کاندھلوی نے کہا جمعیۃ علمائے ہند سے آج جو ہدایات ملی ہیں، وہ اس علاقہ کے باشندوں کو اُن تمام ہدایات سے آگاہ کریں گے اور ان کی کوشش ہوگی کہ مولانا سید ارشد مدنی کے پیغام کو یہاں مزید عام کیا جائے۔ مولانا سید عادل نے کہاکہ اس علاقہ کے فرزندان توحید کیلئے جس طرح کا اقدام جمعیۃ علماء نے کیا ہے ،وہ قابل تعریف ہے۔ ادارہ کے مہتمم مولانا امان اللہ مظاہری اور صحافی مظہر عالم مظاہری نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔