بے گناہ علماء کی گرفتاری اور موب لنچنگ میں اضافہ یوپی الیکشن جیتنے کا ماحول بنانے کی کوشش

مشہور اسکالر ڈاکٹر عمر گوتم اور مفتی جہانگیر قاسمی کو فوراً رہا کیا جائے : تنظیم ابنائے قدیم دارالعلوم دیوبند
نئی دہلی: (پریس ریلیز) تنظیم ابنائے قدیم دارالعلوم دیوبند کے کارگزار ناظم عمومی مولانا محمد مزمل الحق الحسینی نے اپنے ایک بیان میں مشہور اسکالر ڈاکٹر عمر گوتم اور مفتی جہاںگیر قاسمی کی گرفتاری کو خلاف قانون اور دستور کے آرٹیکل اکیس اور پچیس کے منافی قرار دیا ہے،ڈاکٹر عمرگوتم ملکی قوانین اور ضابطوں کے اندر رہ کر اپنے دعوتی تعلیمی اور اصلاحی کاموں کے ذریعے عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں ، ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ ان دونوں حضرات کو فوراً رہا کیا جائے۔
کارگزار ناظمِ عمومی نے اپنے بیان میں کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت ملک کے ہزاروں شہیدوں اور صدیوں کی قربانیوں پر پانی پھیر کر ملک کے دستور اور جمہوریت کو ختم کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک کو ہندو راشٹر بنا سکے آریس ایس اور بے جے پی کی یہ سوچ خوابوں کی دنیا میں جینے والے چند فرقہ پرست فاشسٹوں کے علاوہ ملک کے سیکولر ہندو¿ں مسلمانوں سکھوں اور عیسائیوں کے لیے کسی طرح بھی قابلِ قبول نہیں ۔
حکومت نے اپنے مذکورہ بالا مقاصد کو بروئے کار لانے کے لیے دستورہند اور جمہوریت کی روح کو فنا کر کے جو اقدامات کیے ہیں ان سے نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں آریس یس اور بی جے پی کا منہ کالا ہو گیا ہے حکومت کے ان تباہ کن اقدامات اور پالیسوں میں بابری مسجد ، تین طلاق ، CAA دفعہ 370 نوٹ بندی اور کسانوں سے متعلق تین کالے قانون، کووڈ19 معاملے میں بے حسی، سرحد پر ملک کے بہادر جوانوں کی شہادت اور ملک اور بیرون ملک جھوٹا پرو پیگنڈا کرنے کے لیے گودی نیٹ ورک کا قیام جیسے درجنوں قوانین اور اقدامات شامل ہیں اوراب بجا طورپر حکومت کو احساس ہو چکا ہے کہ وہ بنگال الیکشن کی طرح یوپی کے آئندہ الیکشن میں ہرگز کامیاب نہ ہو سکے گی۔ اس لیے وہ عوام کی توجہ ان مسائل سے ہٹا کر بے گناہوں کی گرفتاری اور موب لنچنگ وغیرہ کے ذریعے ہندومسلم منافرت کا زہر گھول کر الیکشن جیتنے کا ماحول بنا رہی ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت اور اس کی ایجنسیوں مثلا گودی میڈیا اور پولیس وغیرہ کے جھانسے میں نہ آکر آئندہ الیکشن میں حکومت کی ان ناپاک چالوں کو ناکام بنا دیں اور موب لنچنگ اور گرفتاریوں جیسے معاملوں میں صبر وضبط کے ساتھ قانوی چارہ جوئی کریں۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں