پٹرول-ڈیزل پر مہنگائی ہے مگر یہ پیسہ غریبوں پر خرچ ہو رہا ہے! مددھیہ پردیش کے وزیر کا بیان

بی جے پی لیڈران کا آئے دن پٹرول-ڈیزل کی مہنگائی اور گراں بازاری کو جائز ٹھہرانے کا سلسلہ عام ہو چکا ہے۔ اسی ضمن میں مدھیہ پردیش کے وزیر توانائی پردومن سنگھ تومر نے بھی اپنے ایک بیان میں پٹرول اور ڈیزل کی مہنگائی کو جائز ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مہنگائی تو ہے لیکن جو کمائی ہو رہی ہے اسے ہم غریبوں کے علاج اور ان کو دوسری سہولیات فراہم کرنے میں خرچ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’پٹرول-ڈیزل کا استعمال کون کرتا ہے؟ کیا ہم سبزی خریدنے کے لئے سائکل پر جاتے ہیں؟ ہمارے لئے پٹرول ڈیزل اہم ہیں یا اپنی صحت اہم ہے؟ میں خود اپنے اوپر بھی یہ بات لاگو کرتا ہوں۔ مہنگائی ہے، مگر پٹرول ڈیزل سے جو پیسا آ رہا ہے وہ گھوم پھر کر صرف غریب شخص کے کام آ رہا ہے۔ جس کے بیٹے کو علاج کی ضرورت ہے۔ اسے تعلیم کی ضرورت ہے، کورونا کے دور میں جو لوگ پریشان ہوئے، ان کا علاج مفت کیا جا رہا ہے۔‘‘