آزادی اوریوم جمہوریہ ہمارے اسلاف،عوام اور بردران وطن کی قربانیوں کی رہین منت: مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

مغربی چمپارن(پریس ریلیز؍ملت ٹائمز)
’’یوم جمہوریہ ہندوستان کی تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے اور یہ ان علمائے کرام ، عوام اور برادران وطن کی جدوجہد اور مساعی جمیلہ کی رہین منت ہے جنہوں نے انگریزی استعمار کے خلاف جانی و مالی اور ہرطرح کی قربانیاں پیش کیں۔ یوم جمہوریہ ہماری قومی خودمختاری اور آزادی کی علامت ہے۔یوم جمہوریہ جب جب آتا ہے ہمیںیہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اگر ہم نے امن و قانون اور حق و انصاف کی پاسداری نہیں کی اور ہر موقع پر قومی خودارادی اور عزم محکم کامظاہرہ نہیں کیا تو پھر غلامی کی تاریک راتیں دور نہیں۔ہم جس قدر اپنے ملک اوردیش واسیوں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں اور ان کے ساتھ الفت و محبت ،بھائی چارہ، اتحاد و اتفاق اور امن و انسانیت کا رویہ اختیار کریں گے ہماری جمہوری قدریں اسی قدر مضبوط ہوں گی۔‘‘ ان خیالات کا اظہار جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ ، مغربی چمپارن بہار کے مؤسس و رئیس حضرت مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ میں۲۶؍جنوری کی مناسبت سے منعقدہ طلباء کے ایک پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر عناصرنام نہاد حب الوطنی کے نام پر ملک کی جمہوری قدروں اور گنگاجمنی روایت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاء کو مکدر کرنے کی وقتا فوقتا مذموم کوششیں کرتے رہتے ہیں جس سے ملک کی سالمیت اور سیکولر ڈھانچے کو نقصان پہنچتا ہے جوکہ کسی بھی طرح حب الوطنی اور دیش کے مفاد میں نہیں ہے۔
اس سے پہلے جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ کے طلباء نے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے رنگارنگ پروگرام پیش کیا جس میں قریہ برندابن اور اس کے قرب و جوار کے لوگوں نے بلاتفریق مسلک و مذہب بھاری تعداد میں شرکت کی۔پروگرام کا آغاز ذکاء اللہ محمد لقمان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس کے بعد سعیدالرحمن مطیع الرحمن اور صدام نے بالترتیب حمد اور نعت پیش کئے۔ انیس الرحمن اور ان کے ساتھیوں نے ’’سارے جہاں سے اچھا، ہندوستان ہمارا‘‘ترانہ ہندی پڑھا۔واجد علی اور ان کے رفقاء نے قومی گیت ’’جن گن من ادھی نایک جئے ہے‘‘پیش کیا جسے سامعین نے خوب سراہا۔اس کے بعد آفتاب عالم پھول محمد نے ہندوستان اور اس کے مسائل کے موضوع پر ایک پرمغز خطاب کیا۔بعدازاں ذکاء اللہ محمد لقمان نے انگریزی زبان میں تقریر پیش کی۔
اس سے پہلے جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ ، بہار کے ماتحت چلنے والے کلیہ عائشہ صدیقہ للبنات میں بھی یوم جمہوریہ کی مناسبت سے شاندارتقریب منعقد ہوئی جس میں جامعہ کی طالبات صائمہ اقبال، رضیہ نورالعین، انبیاء مستقیم، رضوانہ، صالحہ محمدعالم، سیمااور شگفتہ وغٖیرہ نے اصلاحی اور معلوماتی عناوین پر متعدد پروگرام پیش کئے۔اس پروگرام میں جن معزز ہستیوں میں شرکت کی ان میں ترکی مشرا عرف ڈاک بابو، نظام الدین، انوارالحق، جمیل احمد، حافظ زین الدین مظاہری، ماسٹرنورالعین، مولوی شبیرعالم، طفیل سلفی ، عبدالعزیزاثری اور ماسٹر عرفان علی وغیرہ اہم اور قابل ذکر ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ کے ماتحت چلنے والے سبھی اداروں میں اس مبارک و مسعود موقع پر جشن جمہوریہ کا پروگرام منعقد ہوا جن میں کلیۃ الصالحات پھلواری شریف پٹنہ، معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم نئی دہلی، اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول جیت پور، اقرا انٹرنیشنل اسکول شاہین باغ اور المرکز الاسلامی للترجمۃ والتالیف اہم اور قابل ذکر ہیں۔