پاتی سے بھری ٹریکٹر بگی بنی آگ کا گولا، روڈ پر افرا تفری فلائی اوور پر جاری ویلڈنگ کی چنگاری گرنے سے ہوا حادثہ

دیوبند(ملت ٹائمز۔سمیر چودھری)
سہارنپور مظفرنگر ہائیوے پر واقع تلہیڑی چنگی کے قریب زیر تعمیر فلائی اوور پر چل رہی ویلڈنگ کی چنگاری ملازمین کی لاپرواہی کے سبب نیچے سے گزر رہی گنے کی پاتی سے بھری بگی میں جا گری، جس سے پاتی میںآگ کے شعلے اٹھنے لگے، آگ لگنے کے واقعہ سے موقع پر افرا تفری مچ گئی۔ اطلاع ملنے پر پہنچے فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پایا، لوگوں نے تعمیراتی کمپنی کے ملازمین کی لاپرواہی پر غصہ ظاہر کیا ہے۔آج دوپہر گاؤں املیا کا باشندہ صادق کلسٹھ گاؤں ٹریکٹر بگی میں گنے کی پاتی بھر کر لایا رہاتھا، جیسے ہی وہ تلہیڑی چنگی پر پہنچا تو فلائی اوور پر چل رہے ویلڈنگ کے کام کے دوران ملازمین کی لاپرواہی کے سبب ویلڈنگ کی چنگاری بگی پر آ گری، دیکھتے ہی دیکھتے بگی میں بھری پاتی نے آگ پکڑ لی۔ ٹریکٹر پر بیٹھے صادق اور آس محمد نے ٹریکٹر سے کود کر بمشکل اپنی جان بچائی۔پاتی کی بگی آگ کے شعلے اٹھتے دیکھ شاہراہ پر افرا تفری مچ گئی۔ کچھ لوگوں نے ہمت دکھاتے ہوئے ٹریکٹر بگی سے الگ کیا، اس دوران سڑک کے دونوں جانب طویل جام لگ گیا۔ اطلاع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ کو کنٹرول کیا، لیکن اس وقت تک آگ سے پاتی سمیت بگی جل کر راکھ ہو چکی تھی۔
شہر کے لوگوں نے فلائی اوور کی تعمیر میں لگے ملازمین کی لاپرواہی پر سخت غصہ ظاہر کیا ہے، لوگوں کا کہنا تھا کہ چار کلومیٹر سے زیادہ طویل بنائے جا رہے فلائی اوور کے نیچے سے گزرنے والے لوگوں کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں ہے، اس سے قبل بھی اہلکاروں کی لاپرواہی کے سبب کئی بار تعمیر فلائی اوور سے گرے سامان سے بہت سے لوگ زخمی ہو چکے ہیں۔ اپسا کے افسر اے کے بنسل نے بتایا کہ معاملہ ان کے نوٹس میں نہیں ہے، معاملے کی معلومات حاصل کر سیکورٹی کے نظام کے انتظام کرنے کی ہدایات دی جائیں گی۔