دیوبند : (ملت ٹائمز۔سمیر چودھری)
عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند کے شعبہ بحث و تحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام عصر حاضر میں تشریح دین، منہج اور طریقۂ کار کے عنوان پر ایک اہم علمی محاضرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذ حدیث مولانا سید سلمان حسینی ندوی نے محاضرہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج دین اور دنیا کی تفہیم میں تفریق پیدا کردی گئی ہے، دین اگر روح ہے، تو دنیا اس کا قالب ہے،دین کو دنیاوی امور میں تطبیق دینے کی ضرورت ہے، آج دین کو مسجدوں اور مدرسوں تک محدود کردیا گیا ہے، جبکہ دین کی حدود دنیا کی تمام سرحدوں تک پہنچتی ہیں، یہ دین تجارت، معاشرت، معاملات حتی کے سائنس و ٹکنالوجی تک کے ہر طبقہ اور ہر شعبۂ حیات کو شامل ہے، آپ اپنے اندر دین کی فہم پیدا کریں اور اس کے لئے کتاب اللہ، سنت رسول اللہ اور شریعت اسلامیہ کو سمجھ کر دنیا کے تمام معاملات کا حل ان ہی میں تلاش کریں اور وقت کے چیلنجزکے دفاع کے لئے تیار ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہر دور کے تقاضوں کے مطابق افراد تیار کئے ہیں اور امت پر ایک ایسی کتاب نازل فرمائی جس کی نظیر پیش کرنے سے دنیا آج تک قاصر ہے اور اسی طرح علماء کرام نے اپنے عہد کے تقاضوں اور چیلنجوں کا جواب دینے کے لئے مروجہ فنون حاصل کئے اور عصری علوم پر مکمل عبور حاصل کرکے عصری تقاضوں کا بھر پور مقابلہ کیا، آپ ان ہی کے وارث اور امین ہیں، آپ کو جدید چیلنجز کے مقابلے کے لئے تیار ہونا ہے، آج فتنوں کی بھر مار ہے ہر طرف سے اسلام پر اعتراضات اور شدید حملے کئے جارہے ہیں، آج لبرل ازم، کمیونزم اور سوشلزم کا فتنہ امت کو تباہ کئے جارہا ہے، فتنوں کے اس طومار میں آپ کو ان کا جواب اسلام کے راہنما خطوط میں تلاش کرنا ہے،آپ شریعت اسلامی کا مطالعہ کریں اور متأخرین ومتقدمین کی کتابوں کو پڑھیں اور دیکھیں کہ انھوں نے اپنے عصری فتنوں کا کیسے دفاع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر طرح کے علوم حاصل کرسکتے ہیں۔ جب آپ نکاح وطلاق کے مسائل پڑھیں تو تمام عائلی قوانین پر آپ کی نظر ہو، جب آپ زکو ۃ کے مسائل پڑھیں تو مروجہ تمام معاشی مسائل کے ساتھ ساتھ ٹیکس کے مسائل پر بھی آپ کی نظر ہو اور پھر اس انداز میں تیار ہوں اور اپنے اندر اختصاص پیدا کریں کہ وکلاء کی مجلس میں، ادباء کی مجلس میں، سائنس داں، یا صحافیوں کی مجلس میں جھجھک محسوس نہ کریں اور ان کو اسلامی علوم کا شیداء بنائیں اور اسلام کا صحیح پیغام امت کے سامنے پیش کریں اولا آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر میدان کے اندر پرچم اسلام بلند کریں، اسلامی قضاء اور نظام الٰہی کو عام کریں۔ محاضرے کے اخیر میں مولانا نے طلبہ کے سوالات کے بھی جواب دئے ۔اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی ،حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا شکیب قاسمی سمیت جملہ اساتذۂ کرام و طلباء موجود رہے۔