23 فروری کو بھیم آرمی کی جانب سے ہونے والے بھارت بند کو کامیاب بنائیں امارت شرعیہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کے ساتھ : مولانا محمد شبلی قاسمی

پھلواری شریف: (پریس ریلیز) امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی قاسمی صاحب نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے 23 فروری کو بھیم آرمی کی جانب سے ہونے والے بھارت بند کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یک جٹ ہو کر بھارت بند کو کامیاب بنائیں تاکہ سرکار تک مخالفت کی مضبوط آواز پہونچے اور وہ اس سیاہ قانون کے خاتمے کے لیے مجبور ہو ۔قائم مقام ناظم صاحب نے یہ بھی کہا کہ امار ت شرعیہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اٹھنے والی ہر دستوری اور آئینی آواز کے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں یا ملک کے باہر کہیں بھی کوئی آواز اس سیاہ قانون کے خلاف اٹھ رہی ہے یا قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جہاں بھی پر امن احتجاج اور مظاہرے کیے جارہے ہیں ہم اس کی حمایت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ہٹ دھرمی اور نفرت کے ایجنڈے پر جمی ہوئی ہے اور اس سیاہ قانون کا نقصان اور اس کی عمومی مخالفت واضح ہو جانے کے بعد بھی کہتی ہے کہ وہ ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیارنہیں ہے۔ لیکن پر امن تحریک اور عدم تشدد کی اجتماعی آواز میں بڑی قوت ہوتی ہے ، ہمیں امید ہے کہ حکومت کے قدم لڑکھڑائیں گے اور وہ حقیقت مان کر رہے گی اورپیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گی ۔انہوں نے ریزرویشن کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا رویہ ایس سی /ایس ٹی اور او بی سی کے مفادات کو نقصان پہونچانے والا ہے ، بی جے پی اور آر ایس ایس کی ریزرویشن کو ختم کرنے کی تیاری کر چکی ہے۔اس لیے سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کی مخالفت کے ساتھ ہمیں ایس سی ایس ٹی اور اوبی سی کے حق کے لیے بھی آواز بلند کرنی ہے اور اپنی لڑائی میں اس مدے کو بھی شامل کرنا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ حکومت سے مطالبہ کریں کہ وہ ریزرویشن کے تحفظ کے لیے پارلیامنٹ سے مضبوط قانون پاس کرے۔