امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی ؒ کی رحلت ایک عظیم سانحہ: مولانا بدر الدین اجمل

نئی دہلی: (پریس ریلیز ) آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے قومی صدر ورکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمہ اللہ کی رحلت کو ایک عظیم سانحہ قرار دیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ حضرت مولانا ایک طرف امیر شریعت بہار، اڑیسہ،و جھاڑکھنڈ کے عظیم عہدہ پر فائز تھے تو دوسری طرف وہ ہندوستانی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈکے جنرل سکریٹری کے منصب کا حق بخوبی نبھا رہے تھے۔وہ جہاں جامعہ رحمانی مونگیر کے میر کارواں اور خانقاہ رحمانی کے سجادہ نشیں تھے، وہیں وہ رحمانی فاؤنڈیشن کے ذریعہ مختلف سماجی اور رفاہی کاموں میں مصروف عمل تھے اور ان سب کے ساتھ وہ رحمانی 30 جیسے ادارہ کے ذریعہ قوم کے با صلاحیت نوجوانوں کو ٹیکنیکل اورپروفیشنل میدانوں کے لئے تیار کرنے میں پوری تندہی سے لگے تھے۔ مولانا اجمل نے کہا کہ ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں جو حضرت امیر شریعت مولانا سید محمدولی رحمانی نورہ اللہ مر قدہ جیسی خوبیوں کے مالک ہوں کیوں کہ وہ ایک باصلاحیت عالم دین، شاندار مقرر، کہنہ مشق مضمون نگار اورصاحبِ نسبت بزرگ ہونے کے ساتھ ملکی، سیاسی اور سماجی حالات پر گہری نگاہ رکھکر اس کے مطابق لائحہ عمل تیا رکرنے والے مفکر، مدبر اور دانشور بھی تھے۔مولانا اجمل نے کہا کہ مولانا سید محمد ولی رحمانی ؒ مختلف پلیٹ فارموں سے اپنی ہمہ جہت خدمات اور عظیم کارناموں کے لئے ہمیشہ یاد کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولاناؒ نے مسلم پرسنل لاءبورڈ کو مزید متحرک بنانے ، اس کے میدان عمل کو وسیع ترکرنے نیز زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس پلیٹ فارم سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور امت پر آنے والے مسائل اور اس کے خلاف ہونے والے اقدام کا خوب تر مقابلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت امیر شریعتؒ کا سانحہ ارتحال یقینا ہندوستان کے لئے اور بالخصوص مسلمانوں کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے کیوںکہ وہ ایسے وقت میں ہمیں چھوڑ گئے جب ان کی ضرورت زیادہ تھی ۔ آج جب ملک میں فسطائیت کا کھیل جاری ہے اور ملک کی فضا کو نفرت کے زہر سے مسمو م کیا جارہا ہے، ایسے وقت میں حضرت مولاناؒ جیسے بے باک اور صاف گو لوگوں کی اس ملک کو سخت ضرورت تھی۔بہر حال ہر ایک کو مقررہ وقت پر اس دنیا سے جانا ہے، اسلئے وہ ہم سے جدا ہو گئے۔ ہم اللہ سے دعاءکرتے ہیں کہ وہ ان کی مغفرت تامہ فرمائے، ان کے متعلقین کو صبر جمیل عطا کرے ،نیز پور ی امت اور بالخصوص مسلم پرسنل لاء بورڈ اور امارت شرعیہ جیسے اداروں کو ان کا نعم البدل عطا کرے۔ (آمین)۔