گورکھپورسانحہ کو شیوسینانے ہسپتال میں بچوں کا اجتماعی قتل قراردیا،وزیر صحت کے بیان کو شرمناک بتاتے ہوئے استعفی کا مطالبہ کیا ،یوگی کوبھی بنایانشانہ

ممبئی(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
گورکھپور کے بی آر ڈی کالج میں 36 بچوں کی موت پر شیوسینا کا بیان آیا ہے۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پارٹی کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیر اعظم نریندر مودی پر جم کر حملہ بولا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ہسپتال میں بچوں کی موت اجتماعی اطفال قتل ہے۔’’سامنا‘‘ کے ذریعے ادھو ٹھاکرے نے یوپی کے وزیر صحت سددھارتھناتھ سنگھ پر بھی نشانہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سددھارتھ ناتھ سنگھ کا بیان انتہائی شرمناک اور بے شرمی والا تھا۔ ادھو نے سی ایم یوگی سے سددھارتھناتھ کا استعفی لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھو ٹھاکرے نے اس معاملے میں انتہائی تیکھے الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اداریہ میں پی ایم مودی اور سی ایم یوگی کو نشانہ بنایا ہے۔ سامنا میں لکھا ہے کہ جس طرح سے بچوں کی موت ہو رہی ہے، کیا یہی مودی حکومت کے اچھے دن ہیں؟۔ اتنا ہی نہیں ادھو نے اب تک اس معاملے میں پی ایم مودی کی کوئی رائے نہیں آنے کو بھی شرمناک قرار دیا ہے۔بتا دیں کہ ادھو ٹھاکرے کی پارٹی شیوسینا مہاراشٹر میں اور مرکز میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں ہے۔