بہار سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مرکز المعارف ممبئی کی ٹیم روانہ ،آسام کے بعد بہار میں بھی ریلیف کا کام کرے گی یہ تنظیم 

ممبئی(ملت ٹائمز)
بہار سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مرکز المعارف ممبئی کی ٹیم روانہ ہوگئی ہے ،یہ ٹیم بہار کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کاکام کرے گی اور سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ،خبر لکھے جانے کے وقت ممبئی سے بذریعہ جہاز مرکز المعارف کی ٹیم بہار کیلئے روانہ ہوگئی ہے جس کی قیادت مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی کے استاذ مفتی جسیم احمد قاسمی کررہے ہیں ۔
مرکز المعارف ایک مقبول اور مشہور تنظیم ہے ،تعلیمی اور سماجی امورکے ساتھ رفاہی کام بھی یہ تنظیم کرتی ہے ،گذشتہ ایک ہفتہ سے یہ تنظیم مسلسل آسام کے سیلاب متاثرین کیلئے کام کررہی ہے اور سیلاب زدہ علاقے میں راحت رسانی کے کام میں مصروف ہے ، مرکز المعارف کے ڈائریکٹر مولانا برہان الدین قاسمی نے ملت ٹائمز سے بتایاکہ مرکز المعارف کی ٹیم مسلسل آسام میں سیلاب زدہ لوگوں کی مددکررہی ہے ،اب بہار کیلئے بھی ہماری ٹیم جارہی ہے جہاں وہ کام کرے گی ،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ فی الحال بہار کی صورت حال بہت زیادہ خراب ہوچکی ہے ، ہزاروں کی تعددا میں اموات کا خدشہ ہے ،انہوں نے یہ بھی کہاکہ ایسی صورت میں ریسکیو آپریشن عملہ کی ضرورت ہوتی ہے جو سرکار کے پاس ہے یا پھر جسے اس کی تربیت حاصل ہوتی ہے ،تاہم ہماری ٹیم پہونچ رہی ہے اور پانی ،غلہ اور دیگر امور کا مکمل بند وبست کرے گی ، انہوں نے اس موقع پر بہار اور مرکزی سرکار سے بڑی تعداد میں ریسکیو آپریشن عملہ بھیجنے کی اپیل کی ہے تاکہ متاثرین کو بچایا جاسکے ۔

مولانا بدر الدین اجمل قاسمی آسام کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے

واضح رہے کہ بہار کے 22 اضلاع شدید سیلاب کی زد میں ہیں،کشن گنج ،ارریا ،سپول ،مدھے پورہ ،کٹیہار،سہرسا،سیتامڑھی ،دربھنگہ ،مدھوبنی ،چمپارن ،شیوہر ،مظفر پور میں سیلاب کی وجہ سے قیامت کا منظر ہے ،نہ سر چھپانے کی جگہ ہے اور نہ وہاں سے منتقل ہونے اورکہیں اور جانے کا موقع مل رہاہے ،اب تک 200 سے زائد اموات ہوچکی ہے ،جبکہ ہزاروں کی تعداد میں اموات کا خدشہ ہے ، عوام فاقہ کشی پر مجبور ہے ،ریاستی اور مرکزی سرکا رکی بھی اس پر کوئی خاص توجہ نہیں دے رہی ہے۔