اسلام آباد(ملت ٹائمز)
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے بعد اسلام باد ہائی کورٹ نے اقامے پر فیصلہ سناتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کو بھی تاحیات نااہل قرار دے دیاہے۔جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا، وہ 2013 کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکتے تھے۔
ٹی آر ٹی اور پاکستان میڈیا کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست منظور کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔درخواست گزار عثمان ڈار نے موقف اپنایا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک نجی کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں، لیکن انہوں نے بینک اکاو¿نٹ اور تنخواہ کی تفصیلات 2013 کے انتخابی گوشواروں میں ظاہر نہیں کی، اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے، لہذا انھیں غلط بیانی پر نااہل کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین بھی عدالت کی جانب سے تاحیات نااہل قرار دیے جاچکے ہیں جبکہ عمران خان کی جانب سے آف شور کمپنی کا مالک ہونے کو قبول کیے جانے اور صادق اور امین نہ رہنے کے باوجود عمران خان کو معاف کردیا گیا بلکہ عمران خان کی پشت پناہی کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا ہے۔ عدالتوں نے اسٹبلشمنینٹ کی خواہش پر مسلم لیگ نون کی پوری کشتی ہی ڈبونے کا پہلے ہی سے فیصلہ کررکھا ہے اور اب دیگر رہنماوں پر بھی پابندی لگانے کے لیے اپنی کاروائیوں میں تیزی پیدا کرلی ہے۔عدلیہ کی ان کاروائیوں کے دوران نون لیگ کے رہنماوں نے اپنی عافیت پی ٹی آئی میں شمولیت ہی میں سمجھی ہے اور اس وقت پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے لیے نون لیگ کے رہنماوں کی قطار لگی ہوئی ہے۔
فیصلے سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں نشستیں بھر گئی تھیں اور کوئی نشست خالی نہیں تھی جبکہ عدالت کے باہر بھی کافی افراد جمع تھے جو عدالت کے فیصلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔





