لندن ،5؍مئی
ملت ٹائمز؍ایجنسیاں
برطانیہ کے مقامی حکومتوں کیلئے پولنگ جمعرات کو ہورہی ہے جس میں سب سے زیادہ دلچسپ مقابلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کے بھائی زیک گولڈ سمتھ اور پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان کے درمیان لند ن کے میئر کیلئے ہوگا۔
بی بی سی کے مطابق سکاٹش پارلیمان، نیشنل اسمبلی آف ویلز، شمالی آئر لینڈ کی اسمبلی اور انگلینڈ کی 124 کونسلوں میں میٹرو پولیٹن اور ضلعی کونسلز سمیت 2,747 نشستوں پر انتخاب ہو گا۔ مقامی حکومتوں کے ان انتخابات میں لندن، برسٹل، لیورپول اور سیلفرڈ میں نئے میئرز کو منتخب کیا جائے گا جبکہ اوگمور اور شیفیلڈ برائٹ سائیڈ میں ضمنی انتخاب ہو گا۔انگلینڈ اور ویلز میں پولیس اور کرائم کمشنرز کو بھی منتخب کیا جائے گا جبکہ لندن میں دی گریٹر لندن اسمبلی کے علاوہ لندن کے میئر بورس جانسن کے جانشین کو بھی منتخب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی مقامی حکومتوں کے انتخابات میں سب سے زیادہ توجہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ سمتھ اور پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان کے درمیان لند ن کے میئر کیلئے ہونے والے مقابلے نے حاصل کی ہے۔ لندن کے میئر کے انتخاب میں عمران خان کے دونوں بیٹوں نے اپنے ماموں کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا جبکہ عمران خان خود بھی اپنے دورہ برطانیہ کے دوران زیک گولڈ سمتھ کی انتخابی مہم چلاتے رہے ہیں۔ انتخابات سے قبل ہونے والے پولز میں لندن کے میئر کیلئے صادق خان کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ دونوں امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
زیر نظر تصویر میں برطانوی مقامی حکومتوں کے انتخابات اور نتائج کا مکمل شیڈول دیکھا جاسکتا ہے