استنبول میں 4 ملکی سربراہ اجلاس ، بشار کا انجام شامی عوام کے حوالے کرنے کا فیصلہ

استنبول میں شام کے حوالے سے منعقد ہونے والا چار ملکی سربراہ اجلاس ہفتے کی شام اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ شام کی آئین ساز کمیٹی کا کام شروع کیا جائے اور بشار الاسد کی قسمت کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے۔

اجلاس میں شریک ترکی، روس، جرمنی اور فرانس کے سربراہان نے آئین کی درستی کو یقینی بنانے کے مقصد سے جنیوا میں شام کی آئین ساز کمیٹی قائم کرنے اور اقوام متحدہ کے زیر نگرانی شفاف انتخابات کے لیے پس منظر تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے باور کرایا کہ صدر بشار الاسد کا انجام اندرون اور بیرون ملک موجود شامی عوام کے فیصلے کے ساتھ وابستہ ہے۔

استنبول کے ایشیائی حصّے میں واقع قصرِ “وحد الدین” میں منعقد اجلاس 2 گھنٹے اور 45 منٹ جاری رہا۔ اجلاس میں ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن، روسی صدر ولادی میر پوتین، فرانس کے صدر امانوئل ماکروں اور جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ایردوآن نے بتایا کہ “چار ملکی سربراہ اجلاس میں شام کی اراضی کی وحدت اور سوشی میں ادلب کے حوالے سے طے پائے گئے معاہدے ،،، ان دونوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں شریک قائدین نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں شامی پناہ گزینوں کی واپسی کا مطالبہ کیا اور شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اہمیت پر بھی زور دیا”۔

SHARE