مقبوضہ بیت المقدس: قابض اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے جنوب میں سلوان کے مقام پر تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار فلسطینی سے اس کی گاڑی بھی ضبط کرلی گئی۔
بیت المقدس کے مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے سلوان میں وادی یاصول کے مقام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران صہیب الاعور نامی ایک فلسطینی کو حراست میں لے لیا۔ الاعور کو گرفتاری کے بعد ایک حراستی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے صہیب الاعور کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔
خیال رہے کہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کی گرفتاریوں، مسجد اقصی سے ان کی بے دخلی اور ان کی املاک پر قبضے کی کارروائیاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔
بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ سے متصل سلوان کا مقام خاص طور پر صہیونی فوج اور پولیس کی مجرمانہ کارروائیوں اور انتقامی حربوں کے نشانے پر ہے۔ سلوان میں فلسطینیوں کی گرفتاریوں اور ان کی املاک کی مسماری کا سلسلہ 2009ء سے جاری ہے۔ 2009ء میں اسرائیلی فوج نے یہودی آباد کاری کے منصوبوں کی غرض سے وادی حلوہ میں فلسطینیوں کے مکانات اور دیگر املاک مسمار کردی تھیں۔