انقرہ(ایجنسیاں)
ترک اپوزیشن جماعت ری پبلکن پیپلزپارٹی کی طرف سے صدر رجب طیب اردگان پر کرپشن اور پیسہ بیرون ملک ذخیرہ کرنے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ اب صدر رجب نے اس الزام پر اپوزیشن کو واضح چیلنج دے دیا ہے۔ترک اخبار حریت ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردگان نے گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو چیلنج دیا ہے کہ ”اگر تم ثابت کر دو کہ میں نے کرپشن کی ہے اور بیرون ملک پیسہ رکھا ہوا ہے تو میں فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔“
رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ”اگر اپوزیشن ثابت کر دے کہ میرا ایک پیسہ بھی بیرون ملک پڑا ہے تو میں ایک منٹ بھی صدر نہیں رہوں گا اور اگر اپوزیشن والے یہ ثابت نہ کر سکیں تو پھر وہ سیاست چھوڑ دیں۔“ انہوں نے اپنے اوپر الزام عائد کرنے والے اپوزیشن لیڈر کمال کیلیداراوگلو کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ”میں آپ سے ایک سادہ سا سوال پوچھتا ہوں۔ کیا تم جانتے ہو کہ تمہارے بچے، تمہارے بھائی، تمہارے برادرنسبتی، تمہارے سسر اور تمہارے سابق ایگزیکٹو اسسٹنٹ نے ٹیکس سے بچنے کے لیے کسی آف شور کمپنی میں کروڑوں ڈالر سرمایہ کاری کر رکھی ہے؟میں آپ کو ایک ایسی کمپنی کا بتاﺅں گا جو ایک پاﺅنڈ سرمائے سے شروع ہوئی اور بعد میں جو رقم اس میں بھیجی گئی وہ کروڑوں ڈالرز تھی۔ میں اس کے جواب کا انتظار کر رہا ہوں۔





