ٹرمپ کے اعلان کے بعد عالم اسلام میں ہلچل ،طیب اردگان کی مسلم رہنماسے فون پر بات چیت ،13 دسمبر کو اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

انقرہ(ایجنسیاں)
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے قدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق امریکی منصوبے کے بارے میں ملائشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق ، تیونس کے صدر الباجی قائد السیبیسی اور ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی ہے ۔ترجمان کے مطابق مذاکرات میں صدر ایردوان نے کہا کہ قدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اقدام امن مرحلے کو مفلوج کر دے گا۔
صدارتی ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق صدر ایردوان نے کہا کہ علاقے میں قیام امن اور استحکام کے لئے 1967 کی سرحدوں کے اندر اور مشرقی قدس کے دارالحکومت والی فلسطینی حکومت کا قیام شرط ہے۔اسرائیل کے 1980 میں قدس کے الحاق سے متعلق کئے گئے فیصلے کو عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی طرف سے رد کئے جانے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ یروشلم مسلمانوں کے لئے بھی ایک مقدس شہر ہے اور مسلمان ممالک کے لئے ایک نہایت درجے حساس مسئلہ ہے۔مذاکرات میں مزید کہا گیا کہ القدس کی حیثیت کو تبدیل کرنے سے متعلق کسی بھی طرح کے اقدام پر عالم اسلام کی طرف سے ردعمل ظاہر کیا جائے گا اور ایسا کوئی اقدام امن و استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب کرے گا۔
صدر ایردوان نے ملائشیائ ، تیونس اور ایران کے سربراہان کے ساتھ مذاکرات میں مزید کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے ٹرم چئیر مین کی حیثیت سے ترکی 13 دسمبر کو استنبول میں ہنگامی سربراہی اجلاس کا انعقاد کرے گا۔