دوحہ ۔12دسمبر(ایجنسیاں)
قطر کے ممتازعالم دین اور بین الاقوامی علماءاتحاد کے چیئرمین علامہ یوسف القرضاوی نے کہا ہے کہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے فلسطین میں شہادت کی سعادت حاصل کرنے کی آرزو ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے جہاد فرض ہوچکا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں علامہ یوسف القرضاوی نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے کچھ نہ کرسکے۔ مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے وہ شہید ہونا چاہتے ہیں اور یہ ان کی سب سے بڑی آزور ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹویٹر‘ پر پوسٹ ایک بیان میں علامہ یوسف القرضاوی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور القدس جب بھی ہمیں پکاریں گے ہمارے مردو زن، بوڑھے اور جواں سب اس پکار پر لبیک کہتے ہوئے مقدسات کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کو تیار ہوں گے۔انہوں نے مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کو صہیونیوں کے ہاتھوں لاحق خطرات کے دفاع کے لیے عالم اسلام میں یکجان ہونے اور سیسہ پلائی دیوار بننے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کا دفاع کرنے والوں کے لیے احادیث میں خوش خبری موجود ہے۔انہوں نے ایک حدیث شریف کا حوالہ دیا جس کا مفہوم یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت کا ایک گروہ دشمن پرغالب رہے گا۔ صحابہ نے پوچھا وہ کون سا گروہ ہوگا توآپ نے فرمایا وہ بیت المقدس اور اطراف المقدس کا گروہ ہوگا۔
علامہ یوسف القرضاوی نے اپنے بیان میں فلسطین کی تحریک آزادی، مسجدا اقصیٰ اور بیت المقدس کے دفاع کے لیے فلسطینیوں کی مسلح جدو جہد کی حمایت کی۔





