لالو تمہاری راہوں کا کانٹا نہیں آنکھوں کی کیل ہے! لیکن اتنی آسانی سے نہیں اکھاڑ سکو گے:قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد لالو کا سخت ردعمل

پٹنہ۔23دسمبر(یواین آئی)
چارہ گھپلہ کے ایک معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت سے قصوروار قرار دئے جانے کے بعد راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ مرتے دم تک وہ سماجی انصاف کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔ مسٹر یادو نے ایک کے بعد کئی ٹوئٹ کرکے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے لکھا ’ بے وقوف بی جے پی اپنے جملہ بازی اور کارگذاریوں کو چھپانے اور ووٹ حاصل کرنے کے لئے اپوزیشن کے عوامی امیج کو بگاڑنے کے لئے سیاست میں غیر اخلاقی اور نفرت کے جذبات سے مغلوب ہوکر گندا کھیل کھیلتی ہے۔ جھوٹے جملے گڑھنے والوں سچ اپنی ضد پر کھڑا ہے۔ دھرم یدھ میں لالو اکیلا نہیں ہے پورا بہار ساتھ میں کھڑا ہے۔“
آر جے ڈی صدر نے اپنے معروف انداز میں کہا کہ ” اے سنو، کان کھول کر، آپ اس گدڑی کے لال کو پریشان کرسکتے ہو ، مغلوب نہیں۔“ ایک دیگر ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ”سامراجی طاقتو! جانتا ہوں کہ لالو تمہاری راہوں کا کانٹا نہیں بلکہ آنکھوں کی کیل ہے۔ لیکن اتنی آسانی سے نہیں اکھاڑ سکو گے۔ نہ زور چلے گا لاٹھی کا ، لالو لال ہے ماٹی ہے۔“ مسٹر یادو نے شاعرانہ انداز میں کہا’ساتھ ہر بہاری ہے، اکیلا سب پر بھاری ہے۔ سچ کی رکشا کرنے کو ، لالوکا سنگھرش جاری ہے۔ مرتے دم تک سماجی انصاف کی لڑائی لڑتا رہوں گا۔ جگدیو بابو نے گولی کھائی، ہم جیل جاتے رہتے ہیں، لیکن میں جھکوں گا نہیں، لڑتے لڑتے مر جاوں گا لیکن منووادیوں کو ہراوں گا۔“
مسٹر یادو نے کہا کہ ’ملک کے انصاف پسند اور امن پسند ساتھیو ہر سازش سے بچنا ہوگا۔ ہر حال میں لڑنا ہوگا۔ کامیابی کی شاہراہ پر چلنا ہوگا۔ جے ہند“۔