الرباط (ایجنسی)
افریقی ملک مراکش کے وزیراعظم سعد الدین العثمانی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کے حوالے سے ان کے ملک کا سرکاری، عوامی اور ابلاغی موقف ایک ہے۔ مراکش فلسطینی قوم کی مکمل آزادی اور اسرائیل کے فلسطین پر قائم ناجائز تسلط کے خاتمے تک فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الرباط میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر العثمانی نے کہا کہ عرب اور مسلمان ممالک کا سرکاری ڈھانچہ طرح طرح کی مشکلات کا شکار ہے۔ توقع ہے کہ عالم اسلام فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور القدس کے دفاع کے لیے فوری اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مراکش اور فلسطین ایک ہی ہیں اور ضروری ہے کہ ہم حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے اسرائیل کے خلاف یکساں موقف اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں عوامی مزاحمت اور ابلاغی سطح پر اسرائیل کے خلاف مہمات جاری رہنی چاہئیں اور ان میں مزید اضافہ کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ القدس اور فلسطین صرف سیاسی تنازع نہیں بلکہ یہ ابلاغی اور نظریاتی محاذ بھی ہے اور ہمیں پوری جرات کے ساتھ اس محاذ پر جنگ جیتنا ہوگی۔
درایں اثناء مراکش میں نیشنل جرنلسٹ یونین کے چیئرمین عبداللہ البقالی نے کہا کہ قضیہ فلسطین کی اہمیت سے کوانکار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دیگر اہمیت کے حامل عالمی ایشوز کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ میں مسئلہ فلسطین کو بھی غیرمعمولی اہمیت دیں گے۔