آپ کون ہوتے ہیں ہم پر اپنے فیصلے مسلط کرنے والے ،ہم ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے اسے نکال باہر کریں گے:طیب اردگان کا یورپی پارلیمنٹ کو دوٹوک جواب

انقرہ۔17مارچ(ملت ٹائمز)
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے یورپی پارلیمنٹ کے عفرین سے متعلق فیصلے پر اپنے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے یورپی پارلیمنٹ سے پوچھا ہے” آپ نے کب سے ترکی پر اپنے فیصلے مسلط کرنا شروع کردیے ہیں۔ آپ اپنے فیصلے اپنے پاس رکھیں“۔جسٹس اینڈ ڈولپمینٹ پارٹی کے چئیرمین اور صدر اردگان نے ان خیالات کا اظہار اپنی پارٹی کے چھٹے ارضِ روم کنونشن سے قبل عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے ترک مسلح افواج کی ” شاخِ زیتون” فوجی آپریشن کے بارے میں یورپی پارلیمنٹ کے فیصلے کے بارے کہا کہ ” ہم ساڑھے تین ملین شامی باشندوں کی گزشتہ سات سالوں سے میزبانی کررہے ہیں۔ اگر ہم اپنے شامی بھائیوں کو یورپ بھیج دیتے تو آپ کے پاس شرمندگی اٹھانے کے سوا کچھ بھی نہ رہ جاتا۔ آپ نے ہماری منت سماجت کی اور کہا کہ خدا کےواسطے ان شامی باشندوں کو یورپ نہ آنے دیں۔ ان کو ترکی ہی میں روکے رکھیں۔ ہم نے ان سے انسانیت کا سلوک کیا ہےلیکن آپ لوگ انسانیت ہی سے عاری ہیں۔ آپ کو کیا پتہ انسانیت کیا چیز ہوتی ہے؟آپ جو مرضی فیصلہ کرلیں۔ ہم ایک کان سے سن کو دوسرے کان سے اسے نکال باہر کریں گے۔آپ کے جانب سے کیے جانے والے فیصلوں کی ہمارے سامنے کوئی توقیر کوئی عزت نہیں ہے۔