ہندوستانی میڈیا پر شاہد آفریدی کا سنگین الزام ،کشمیر کے حوالے سے اپنے دیئے گئے متنازع بیان پر برقرار

اسلام آباد ۔5اپریل(ایجنسیاں)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گذشتہ دنوں کشمیر کے حوالے دیئے اپنے متنازع بیان کے بارے میں ایک مرتبہ پھر کہاہے کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، ساتھ میں انہوں نے ہندوستانی میڈیا پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی میڈیا منفی کردار ادا کررہا ہے، یہ میڈیا ہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کبھی بہتر نہیں ہوسکتے،آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں۔
پاکستانی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق ہندوستانی میڈیا پر اپنے بیان کو منفی رخ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ بھارتی عوام پاکستانیوں اور پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتی ہے لیکن میڈیا ہمیشہ کی طرح منفی کردار ادا کررہا ہے، میں نے بھارت کے خلاف اس لیے بیان دیا تھا کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ہورہے ہیں ۔روزنامہ جنگ کے مطابق آفرید ی مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں بھارتی فوج نے درجنوں بے گناہ کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے، میں اپنی فاونڈیشن بھی انسانیت کی خدمت کے لئے چلارہا ہوں، کشمیر ہو یا کوئی اور ملک جہاں بھی ظلم ہوگا میں آواز اٹھاوں گا۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ مجھے آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے، میں اگر کرکٹر نہ ہوتا تو پاکستان کا فوجی ہوتا، میری فوج جو کررہی ہے مجھے اس پر فخر ہے، میں بھی پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں۔انہوںنے میں بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں، مجھے بلایا بھی گیا تو آئی پی ایل نہیں کھیلوں گا، ہماری پی ایس ایل بڑی لیگ ہے، وہ دن دور نہیں ہے جب پاکستان کی لیگ بھارتی لیگ سے بڑی ہوگی۔شاہد آفریدی نے ہندوستانی میڈیا سے یہ بھی کہا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ان کے بیان کو مثبت لیں اور اپنی حکومت سے کہیں کہ وہ کشمیر میں ظلم بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بھارتی کرکٹرز کی کوئی پرواہ نہیں ہے، جب پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی تو رشی کپور سے ہار برداشت نہ ہوئی اور وہ پاکستان دشمنی میں آگے نکل گئے اب کچھ کرکٹرز آگے بڑھ کر میری کردار کشی کررہے ہیں، میں بھارتی میڈیا کو کہتا ہوں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اور بھارتی عوام کو کہوں گا کہ منفی خبریں دینے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے کرکٹرشاہد خان آفریدی نے کشمیریوں کے تعلق سے ایک متنازع بیان دیاتھا جس کی انڈین میڈیا کی جانب سے شدید مذمت اور تنقید کی گئی ہے ۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ”ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں صورتحال بہت پریشان کن ہے ، ظالم حکومت اپنی حق خودارادیت اور آزادی کے لئے آواز بلند کرنے والوں کو شہید کررہی ہے“۔اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے استفسار کیا کہ’ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیمیں کہاں ہیں؟، حیرت ہے کہ یہ خونریزی کو بند کروانے کے لئے کردار کیوں ادا نہیں کر رہیں“۔
شاہد آفریدی کے اس بیان کی کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبد اللہ نے حمایت کی ہے تو وہیں ہندوستانی سیاست داں اور عوام نے اسے مسترد کرتے ہوئے آفرید ی کے بیان کو خلاف حقیقت اور جھوٹ قراردیاہے ۔