کیمیائی حملہ کے ردعمل میں تین ممالک کی جانب سے اسد کے خلاف ہونے والی انتقامی کاروائی پر ماسکوکا امریکہ کو شدید انتباہ

ماسکو۔14اپریل(ملت ٹائمز)
امریکا میں روس کے سفیر اناطولی انٹونوف نے کہا ہے کہ جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ روس کے صدر ولادی میر پوتن کی ناقابل قبول توہین ہے۔ ماسکو اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔ امریکا کو دوسری ملکوں پر الزام تراشی کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ادھر روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام پر حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وہاں قیام امن کے امکانات روشن تھے۔
واشنگٹن میں روسی سفارتخانے کی جانب سے فیس بک پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے بدترین خدشات حقیقت کا روپ لے رہے ہیں۔ ہماری تنبیہ کو امریکا میں پھر سے نہیں سنا گیا ہے۔ ایک پہلے سے سوچا سمجھا منصوبہ عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ایک بار پھر ہم خطرے سے دوچار ہیں۔
ہم نے خبردار کیا تھا کہ ایسے اقدامات نتائج کے بغیر نہیں جانے دیں گے۔ تمام تر ذمہ داری واشنگٹن، لندن اور پیرس کی ہے۔ روسی صدر کی بے عزتی کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ امریکا جس کے پاس کیمیائی ہتھیاروں کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے، اسے کوئی اخلاقی حق نہیں کہ وہ دوسرے ممالک پر الزام لگائے۔