ہالی ووڈ اداکارہ کا اسرائیلی وزاعظم کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے اور دوملین ڈالرکا ایوارڈ لینے سے انکار

 

اس ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے معروف اداکارہ نتالی پورٹمین کا کہنا ہے کہ تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم بیجمن نیتن یاہو کی تقریر بھی شامل ہے اور وہ ایوارڈ وصول کر کے نیتن یاہو کی پالیسیوں کی توثیق نہیں کرنا چاہتیں

یروشلم(ایجنسیاں)

ہالی ووڈ اداکارہ نتالی پورٹمین نے دو ملین ڈالر کا ایوارڈ وصول کرنے کی تقریب کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ یہ تقریب یروشلم میں منعقد کی جا رہی تھی اور اس میں بینجمن نیتن یاہو نے کلیدی خطاب کرنا تھا۔

اس ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے معروف اداکارہ نتالی پورٹمین کا کہنا ہے کہ تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم بیجمن نیتن یاہو کی تقریر بھی شامل ہے اور وہ ایوارڈ وصول کر کے نیتن یاہو کی پالیسیوں کی توثیق نہیں کرنا چاہتیں۔ پورٹمین نے بائیکاٹ کے حوالے سے بیان جمعہ بیس اپریل کی شام میں جاری کیا۔

امریکی اداکارہ نے اسرائیل کی وزیر ثقافت میری راگیو کے اُس بیان کی بھی تردید کی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کر کے پورٹمین نے اُن پالیسیوں کی حمایت کی ہے جو اسرائیل مخالف اور بی ڈی ایس تحریک کا حصہ ہیں۔ بی ڈی ایس موومنٹ ایک عالمی تحریک ہے جو آزادی، انصاف اور مساوات کا پرچار کرتی ہے۔

پورٹمین نے اپنے تردیدی بیان میں واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں بی ڈی ایس تحریک کا حصہ نہیں ہیں اور نہ ہی اُس کی پالیسیوں کی توثیق یا حمایت کرتی ہیں۔

نتالی پورٹمین نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ دنیا اور اسرائیل میں آبادی اُن یہودیوں کے ساتھ ہیں، جو اس وقت اسرائیل میں موجود قیادت یا لیڈرشپ کی صلاحیتوں پر اعتماد نہیں کرتیں اور اُن کی پالیسیوں پر برہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اسرائیل کے بائیکاٹ کی حمایت یا ایسا کرنے کے حامی نہیں ہیں۔

مائیکل ڈگلس جینیسس پرائز حاصل کرنے کے بعد اپنی اداکارہ بیوی کیتھرین زیٹا جونز اور بقیہ خاندان کے۔ ہمراہ

نتالی پورٹمین کو دو ملین ڈالر کی مالیت کا حامل جینیسس پرائز دیا جانا تھا۔ یہ ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جو انفرادی سطح پر یہودی مہاجرین کی آبادکاری یا یہودی مقاصد کے فروغ میں سرگرم ہوتے ہیں۔ اس انعام کے حقدار کا اعلان جینیسس فاؤنڈیشن کرتی ہے اور اسے ’جیو نوبل پرائز‘ بھی تصور کیا جاتا ہے۔

اس پرائز کی بنیاد سن 2012 میں رکھی گئی تھی۔ انعام حاصل کرنے والوں میں اداکار مائیکل ڈگلس، کاروباری شخصیت مائیکل بلُوم برگ اور اسکلپچر انیش کپور شامل ہیں۔ انیش کپور بھارتی نژاد برطانوی مصور ہیں اور انہیں یہ ایوارڈ یہودی اقدار کے فروغ کے سلسلے میں کی جانے والی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔