رمضان انسانیت کی غم خواری کا مہینہ ہے:مفتی محفوظ الرحمن عثمانی

الحسنات فاؤنڈیشن یو کے کے زیر اہتمام منعقدہ دوروزہ کانفرنس میں مفتی محفوظ الرحمن کا عثمانی خطاب
لندن(پریس ریلیز)
پیغمبر اسلام محمدرسول اللہؐ سب سے زیادہ سخی تھے اور رمضان  کریم میں جب حضرت جبرئیلؑ نبی کریمؐ سے ملاقات کرتے تھے تو آپؐ اور زیادہ سخی اور فیاض ہوجاتے تھے۔آپ بھلائی اور خیر کے کاموں میں تیز ہوا سے بھی زیادہ فیاضی اور سخاوت فرماتے تھے۔حضرت عبداللہ ابن عباس ؓ کی اس مشہورروایت پرتفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے  ہندوستان کے معروف عالم دین مفتی محفوظ الرحمن عثمانی(بانی و مہتمم جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار) نے کہا کہ رمضان کریم غم خواری اور غم گساری کا مہینہ ہے،اس ماہ مقدس میں غم گساری اور ہم دردی کے احساسات انسان میں پیدا ہوتے ہیں۔وہ الحسنات فاؤنڈیشن یو کے کے زیر اہتمام منعقدہ دوروزہ کانفرنس میںخطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر فاؤنڈیشن کے صدر مولانا علی انور قاسمی اور مولانا محمد تھاوا بھی موجود تھے۔
 مفتی محفوظ الرحمن عثمانی نےکہاکہ اس مہینے میں اللہ کی رحمتوں  اور عبادتوں کے تسلسل کے باعث ہمارے دلوں میں نرمی پیدا ہوجاتی ہے۔طبیعت خیر کے کاموں کی طرف مائل ہونے لگتی ہے، ہمیں اپنے دلوں کی اس نرمی اور خیر کی طرف طبیعتوں کے اس میلان سے اس ماہ مقدس میں پورا فائدہ اٹھانا چاہیے۔
مفتی عثمانی نے کہا کہ حدیث پاک میں آتا ہے کہ ’’جس نے اس  ماہ میں کسی روزہ دار کو افطار کرایا تو یہ اس کے گناہوں کی مغفرت اور آتش دوزخ سے آزادی کا ذریعہ ہوگا اور اس کو روزہ دار کے برابر ثواب دیا جائے گا‘ بغیر اس کے کہ روزہ دار کے ثواب میں کوئی کمی کی جائے۔‘‘انہوںنے کہا کہ ہماری ہم دردی کے مستحق معاشرے کے وہ لوگ ہیں جنہیں عام دنوں میں دو وقت کی روٹی بھی میسّر نہیں آتی، اگر آپ ان کا روزہ افطار کرائیں تو اس سے معاشرے کے اندر جو بھائی چارے کی فضا بنے گی اس کا ہم اندازہ بھی نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان واقعی نیکیوں کی برسات کا مہینہ ہے، اس مہینے میں اگر ہم صحیح معنوں میں محنت کرکے اپنے نفس کی تربیت کرلیں تو اس کا اور کوئی بدل نہیں ہوسکتا اور اگر ہم اس ماہ میں بھی اﷲ کی رحمت سمیٹنے اور اپنی بخشش کرانے سے محروم رہ جائیں تو پھر ہم سے بڑا بدنصیب اور کوئی نہیں ہوسکتا۔
مسجد عثمان لندن میں اپنے ایک خطاب میں رمضان کریم کے فضائل و خصوصیات پر تفصیل سے گفتگو کی۔انہوں نےکہاکہ رمضان مسلمانوں کے لئے تطہیرو تزکیہ کا موسم ہے اس ماہ میں اللہ کی بے شمار رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ضرورت اس بات کی ہےکہ جس قدر ممکن ہو سکے اس ماہ مبارک سے رحمتیں برکتیں سمیٹ لیں۔اس موقع پرمولانا سعید احمد پٹیل امام و خطیب مسجد عثمان بھی موجود تھے۔
SHARE