امریکہ کے بعد چین نے بھی ہندوپاک تعلقات کے سلسلے میں دیئے گئے بیان کا خیر مقدم کردیا

بیجنگ(ایجنسیاں)
ہندوستان ۔پاکستان کے درمیان مذاکرات پیشکش اور تردید کی خبروں کے درمیان امریکہ کے بعد ہندوپاک کے ہمسایہ ملک چین نے بھی پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے حوالے سے بیانات کا خیرمقدم کر دیاہے۔
پاک میڈیا کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے ترجمان وزارت خارجہ لوکانگ نے کہا ہے پاک بھارت تعلقات کی بہتری سے متعلق بیانات کاخیرمقدم کرتے ہیں،پاکستان اوربھارت جنوبی ایشیاکے اہم ممالک ہیں،بحیثیت پڑوسی چین دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتاہے،دونوں ممالک باہمی اعتمادبڑھاکراختلافات کاحل نکالیں،چین پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے کرداراداکرنے کو تیارہے۔
دوسری جانب اس سے قبل امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی وزیراعظم عمران خان کے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بیان کا خیر مقدم کیا تھا ،جبکہ گزشتہ روز چینی ترجمان نے کہاتھا کہ ان کا ملک نئی حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، سی پیک کی تیز رفتار تعمیر و ترقی اور پاک چین تزویراتی شراکت داری (سٹریٹجک پارٹنرشپ) میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے مذاکرات کی بات کی تردید کی ہے ۔ہندوستان کا کہناہے کہ عمران خان کے نام وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے لکھے گئے خط میں صرف دونوں ملکوں کے درمیان بہتر رشتوں کی بحالی کی بات کی گئی ہے ۔مذاکرات کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔

SHARE