اولاد کو دینی اورعصری تعلیم سے آراستہ کرنابچوں کا بنیادی حق

اللہ اوراس کےرسول  کے بعد سب سے زیادہ ماں باپ کاحق  ہے ۔ مولانا ندیم احمد انصاری

ممبئی(ایم این این)

آئیےمسلم پرسنل لا سیکھیں کے نام سےوالدین اور بچوں کے حقوق اور ان کی ذمہ داریوں کے عنوان پر مولانا ندیم احمد انصاری ڈائریکٹر الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن انڈیا و استاذ شعبہ اردو یوسف اسماعیل کالج نے گزشتہ اتوار کو بلال اسکول نزد بلواس ہوٹل مولانا شوکت علی روڈ گرانٹ روڈ ایسٹ ممبئی میں تفصیلی محاضرہ (لیکچر)دیا،جس میں انھوں بتایاکہ شریعت میں اللہ اوراس کے رسول کے بعد ماں باپ کے حقوق ہیں، اسی وجہ سے قرآن کریم میں  اللہ کے حقوق کے فورا بعد ماں باپ کے حقوق بیان کئے گئے ہیں، انھوں نے مزید بتایا کہ ماں باپ اگر چہ غیر مسلم ہوں جائز امور میں ان کی اطاعت وفرمانبرداری، مالی اور جسمانی خدمت کرنا واجب ہے، جو اس کے لیےدنیا وآخرت میں کامیابی کا ضامن ہے، اسی طرح ان کو اپنے کسی قول وفعل سے ذہنی یا جسمانی  تکلیف دینا جائز نہیں، بلکہ اولاد کا یہ غلط برتاؤ ان کی دنیا وآخرت کی بربادی کا سبب ہے، انھوں نے مثال دیکر سمجھایا کہ محتاج ماں باپ کا خرچہ صاحبِِ استطاعت اولاد پر واجب ہوتاہے، پس اگر وہ ادا نہ کریں تو مسلم پرسنل لا کے تحت قانونی اور شرعی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ بچوں کے حقوق پر بات کرتے ہوئے مولانا ندیم احمد انصاری نے کہا کہ ماں کی گود بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے، اس کا اثر بچوں پر پڑنا یقینی ہے، اس لیےشریعت میں دیندار اور علم وعمل سے آراستہ گھرانے میں شادی کرنے کی ترغیب دی گئی ہے، اسی پر بس نہیں،بلکہ بوقت صحبت بھی خاص دعاؤں کا اہتمام کرنےکی تاکید کی گئی ہے، تاکہ اس نطفے سے پیدا ہونے والےبچے شیطانی وساوس اور ان کے مکروفریب سے محفوظ رہیں،اسی طرح ان کی پیدائش کے فورابعد ان کے دائیں کان میں اذان اور بائیں کان میں اقامت کہنے کی ترغیب دی گئی ہے، تاکہ ان کے کان میں سب سے پہلی آواز اللہ کی وحدانیت اور رسول کی رسالت کی پڑے، مولانا انصاری صاحب نے مزید کہا کہ پیدائش کے ساتویں دن میں بچوں کا عقیقہ کرنا اور جب ان کے اندر قابل تحمل طاقت پیدا ہوجائے ختنہ کروانا مستحب ہے، بچوں کے حقوق پر بات کرتے دیتے ہوئے الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر مولانا ندیم احمد انصاری نے کہا کہ بچوں کو اسلامی آداب سیکھانا بھی والدین کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، اس شعبہ کے ناظم اور محاضرہ کے صدر جناب مولانا محمد فیاض عالم قاسمی قاضی شریعت دارالقضاء آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈ نے کہاکہ بچوں کو دینی اور عصری تعلیم سے آراستہ کرنا اور ان کی اخلاقی تربیت کرنا ان کابنیادی حق ہے، اور والدین کی اہم ترین ذمہ داری ہے،اس میں کوتاہی کرنے سے گناہ ہوگا،پروگرام کے مہمان خصوصی جناب مفتی اشفاق قاضی (جامع مسجد ممبئی)نے کہا کہ آج بچوں کی تعلیم وتربیت منصوبہ بند طریقے پر نہیں ہورہی ہے اس وجہ سے ہمارے بچے غیر شعوری طور پر بے راہ روی کے شکار ہورہے ہیں، اس لئے والدین کو اس طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے،جناب مفتی صفوان صاحب قاسمی امام وخطیب نل بازار مسجد نے کہا کہ آج کل انگریزی اور غلط سلط نام رکھنے کا رواج بڑھ رہاہے، یہاں تک کہ ناموں سے اندازہ لگانا مشکل ہوجاتاہے کہ لڑکا ہے یا لڑکی،چوں کہ ناموں کا اثر بچوں کے اخلاق وکردار پر پڑتاہے،اس لئے مناسب نام رکھنا بھی ضروری ہے۔ یاد رہے کہ آئیے مسلم پرسنل سیکھیں کے نام سے شریعت کے عائلی قوانین پر ہر اتوارکو بعد نماز مغرب بلال اسکول نزد بلواس ہوٹل مولانا شوکت علی روڈ گرانٹ روڈ ایسٹ ممبئی میں مستند اور تجربہ کار مفتیان کرام اور قضاة عظام تفصیلی لیکچر دیتے ہیں، متمنی حضرات اس نمبر(8080697348)پر رابطہ کرسکتے ہیں۔فقط

SHARE