پاکستان اسلام کے نام پروجود میں آیا، ہمارا مقصد پاکستان کو مدینہ جیسے ریاست بنانا ہے:عمران خان

ریاض : وزیراعظم عمران خان کا سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں دو ریاستیں مذہب کی بنیاد پر قائم ہوئیں، پاکستان اسلام کے نام پروجود میں آیا، ہمارا مقصد پاکستان کو مدینہ جیسے ریاست بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا رسول اللہ ﷺ نے مدینہ منورہ کو دنیا کی عظیم ریاست بنایا، نیا پاکستان قائداعظم کے وژن کے مطابق بنانا ہے۔

وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تجارتی اور بجٹ خسارہ ورثے میں ملا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دنیا کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہمیں قرضوں کی ادائیگی کیلئے بھی قرض لینا پڑتا ہے۔

عمران خان کہتے ہیں آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں، کرپٹ حکمران ریاستی اداروں کو تباہ کر دیتا ہے، میگا پروجیکٹس بڑی کرپشن کا ذریعہ بنتے ہیں۔ بڑے منصوبوں کے بجائے عوام پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے۔ جو بھی اصلاحات ہوں گی اس کے نتائج 3 سے 6 ماہ میں آنا شروع ہوں گے۔ آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ریاض میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کا موضوع ’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘ تھا جبکہ وزیر اعظم کے سیشن کا نام ’پاکستان ۔ علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز‘ تھا۔

سوال و جواب کے سیشن کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اقتدار میں آئے ہوئے ابھی 60 دن ہوئے ہیں۔ نئے پاکستان کا مطلب اپنی اصل بنیادوں کی طرف واپس جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف فراہم کرنے والے اداروں کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ پاکستان کو ایک آئیڈیل مسلم ریاست بنانا ہے۔ ہمیں مالیاتی اور جاری کھاتوں کا خسارہ ملا ہے۔ ہماری اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے۔

SHARE