خاشقجی کا قتل گھناؤنا جرم تھا، جس کا درد تمام سعودیوں نے محسوس کیا: محمد بن سلمان

ریاض (ایم این این ) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے جمال خاشقجی کے قتل کو گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب انصاف کو پورا کرنے کے لیے ترک حکام سے تعاون کر رہا ہے۔

سعودی صحافی کے قتل کے واقعے پر رائے کا اظہار کرتے ہوئے محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ’یہ اتنا گھناؤنا جرم تھا کہ جس کا درد تمام سعودیوں نے محسوس کیا ہے، اور یہ تمام عالم کے لوگوں کے لیے دردناک اور گھناؤنا ہے‘۔

ریاض میں ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی اے ٹو فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس جرم کو انجام دینے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے تب ہی انصاف پورا ہو گا‘۔

واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو استنبول میں قائم سعودی سفارتخانے میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزامات کو سعودی حکام نے مسترد کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری نچلی قیادت پر ڈالی ہے۔

تاہم امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے معاملے پر سعودی وضاحت سے مطمئن نہ ہونے کے بیان کے بعد سعودی ریاست کو عالمی دباؤ کا سامنا ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ترک حکام کے ساتھ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’تنقید کار خاشقجی کے معاملے پر سعودی عرب اور ترکی کے تعلقات کو خراب کرنے کی سازش کر رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جب تک سعودی فرمانروا سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان موجود ہیں، وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے‘۔

SHARE