اگر ایران جنگ کرنا چاہتا ہے تو یہ جنگ اس کا خاتمہ ثابت ہو گی: صدر ٹرمپ

واشنگٹن پوسٹ (ایم این این )
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک دفعہ پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ” اگر ایران جنگ کرنا چاہتا ہے تو یہ جنگ اس کا خاتمہ ثابت ہو گی”۔ٹرمپ نے ٹویڑ پیج سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران جنگ کرنا چاہتا ہے تو یہ حقیقی معنوں میں اس کا خاتمہ ثابت ہو گی لہٰذا دوبارہ امریکہ کو دھمکی دینے کی جرات نہ کرے”۔
ٹرمپ انتظامیہ نے 8 مئی 2018 کو سال 2015 میں طے پانے والے جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد ایران کی پیٹرول کی برآمدات کو ہدف بنانے والی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔علاوہ ازیں گذشتہ مہینے امریکہ نے ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی فورسز کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا۔
امریکی پابندیوں کے جواب میں ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی 8 مئی کو ملک کی جوہری کاروائیوں کے ایک حصے کو دوبارہ فعال کرنے کا اور ایران کے مفادات کے تحفظ کے لئے سمجھوتے کے فریقین کو 60 دن کی مہلت دینے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ایران کی طرف سے ممکنہ خطرات کے مقابل کچھ عرصہ قبل یو ایس ایس ابراہم لنکن ائیر کرافٹ کیرئیر فائٹر گروپ اورجوہری صلاحیت کے حامل 4 عدد بی۔52 بمبار طیاروں پر مشتمل بمبارمنٹ ڈیوٹی فورس کو خلیج بصرہ میں بھیجا تھا۔