راجدھانی دہلی کے مالویہ نگر واقع حوض رانی علاقے میں سی اے اے، این آر سی و این پی آر کے خلاف لوگوں نے اتوار کو مارچ نکالا جس پر پولس نے مبینہ طور پر لاٹھی چارج کیا۔ اس میں کئی خواتین و بچے زخمی ہوگئے
شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف راجدھانی دہلی کے درجن بھر علاقوں میں غیر معینہ مدت کا دھرنا و مظاہرہ جاری ہے اور لگاتار مختلف علاقوں سے اس سیاہ قانون کے خلاف مارچ بھی نکالے جا رہے ہیں۔ 23 فروری کی مالویہ نگر کے حوض رانی علاقے میں بھی لوگوں نے مارچ نکالا جس کے خلاف پولس بربریت کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ دراصل حوض رانی واقع گاندھی پارک میں تقریباً ایک مہینے سے مظاہرین دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں اور اتوار کے روز انھوں نے مین روڈ کی طرف مارچ نکالا تھا جس میں مبینہ طور پر ہوئی پولس لاٹھی چارج میں 60 سے 70 لوگ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 10 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے جنھیں علاج کے لیے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بقیہ کا علاج دیگر قریبی اسپتالوں میں جاری ہے۔
نیوز پورٹل ’دی کوئنٹ‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق جب پولس نے لاٹھی چارج کیا تو مظاہرین پرامن طریقے سے مارچ نکال رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاٹھی چارج کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور اس سے خواتین اور بچے بڑی تعداد میں زخمی ہو گئے۔ حالانکہ پولس نے اس طرح کی کسی بات سے انکار کیا ہے۔
https://twitter.com/jeevika_shiv/status/1231641023119609856?s=19
جنوبی دہلی کے ڈی سی پی اتل ٹھاکر کا کہنا ہے کہ بغیر کسی اجازت حوض رانی علاقہ میں مارچ نکالا گیا اور کئی مقامات پر ٹریفک کو بلاک کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ اتل ٹھاکر کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے زبانی اور جسمانی طور سے پولس اہلکاروں و خاتون پولس اہلکاروں کے ساتھ غلط سلوک کیا اور خاتون پولس اہلکاروں کو بیریکیڈ کی جانب دھکیل دیا اور ان کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی گئی۔ حالانکہ ڈی سی پی نے اس پورے معاملے کی جانچ کی بات کہی ہے۔
Delhi Police: A protest march against #CAA was organized in Hauz Rani area of Malviya Nagar today without permission.Protestors tried to block traffic at multiple locations.Some of them verbally&physically abused police personnel&pushed female police personnel towards barricades.
— ANI (@ANI) February 23, 2020
پولس کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کی مظاہرین نے تردید کی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مارچ پوری طرح سے پرامن تھا اور پولس کے ذریعہ لاٹھی چارج کیے جانے کے بعد ہی بھگدڑ مچی اور پولس اہلکاروں کے ساتھ کسی طرح کی بدتمیزی نہیں کی گئی۔ ہنگامہ برپا ہونے کے بعد مظاہرین نے اس علاقے کے دکانداروں سے گزارش کی کہ اپنی دکانیں بند کر کے پارک کے باہر سڑک کے کنارے بیٹھ جائیں۔ دکانداروں نے مظاہرین کی حمایت میں اپنی دکانیں بند بھی کیں۔ لاٹھی چارج کے بعد کئی مظاہرین پارک کی طرف لوٹ آئے اور باقی لوگ وہاں سے دھیرے دھیرے دوسری طرف چلے گئے۔
https://twitter.com/Jamia_JCC/status/1231636244809035781?s=19