کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’دیا جلانے‘ سے متعلق سائنسی و قابل اعتبار وضاحت پیش کرنے کا چیلنج دیا ہے۔
ایچ ڈی کمارا سوامی نے وزیراعظم مودی کی عوام سے پانچ اپریل کو دیئے جلانے کی اپیل پر سوال کرتے ہوئے تنقید کی۔
جے ڈی ایس کے رہنما نے سوال کیا کہ ’کیا وزیراعظم بی جے پی کے یوم تاسیس کے موقع پر قوم سے شمع روشن کرنے کےلیے کہہ رہے ہیں؟ جبکہ 6 اپریل کو بی جے پی کا یوم تاسیس ہے‘۔
انہوں نے ٹوئٹ کرتےہوئے اس سلسلہ میں سائنسی اور مناسب وضاحت پیش کرنےکا وزیراعظم کو چیلنج دیا ہے۔
کمارا سوامی نے کہا کہ ’قومی بحران کی صورت میں پارٹی کے پوشیدہ ایجنڈہ کو آگے بڑھانا شرمناک عمل ہے‘۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ وزیراعظم مودی نے جنتا کرفیو کے دوران لوگوں کو اپنے گھروں سے تالیاں، برتن وغیرہ بجانے کو کہا تھا تاکہ کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے والے میڈکل اسٹاف کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔