کرناٹک میں بی جے پی کی حکومت خطرے میں، یدی یورپا کے خلاف بغاوت کے آثار

کورونا وائرس کے بحران کے دوران کرناٹک کے وزیر اعلی یدی یورپا کو سیاسی بحران کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 20 ارکان اسمبلی وزیر اعلی یدی یورپا کے خلاف لام بند ہو رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ریاست کے سابق وزیر امیش کٹی نے بی جے پی کے 20 ارکان اسمبلی کو جمعرات کو عشایہ دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ ارکان اسمبلی بیلگام ضلع کی لنگیات برادری سے تعلق رکھنے والے طاقتور سیاسی رہنما اور آٹھ بار کے رکن اسمبلی امیش کٹی کو کابینہ کا وزیر بنائے جانے کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ امیش کے بھائی رمیش کٹی کو راجیہ سبھا کے لئے نامزد کیا جائے۔ واضح رہے کوئی بھی رکن اسمبلی اس پر کھل کر بات نہیں کر رہا ہے لیکن یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ یہ سب وزیر اعلی سے ناراض ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلی یدی یورپا نے امیش کٹی کو ملاقات کے لئے طلب کیا ہے۔ لنگیات سماج کے سینئر بی جے پی کے رکن اسمبلی بی آر پاٹل کی بھی وزیر اعلی سے ناراضگی چل رہی ہے۔