پاکستان میں بم دھماکا ، 5 افراد ہلاک متعدد زخمی

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس میں ہلاک افراد کے اہل خانہ کے تئیں اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے۔

اسلام آباد: پاکستان کے چمن شہر میں پیر کے روز ایک زیر تعمیر عمارت کے قریب ہوئے بم دھماکے میں کم از کم پانچ افراد کی موت ہو گئی جبکہ 10 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی پولس نے اس بم دھماکہ کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔
دھماکہ سے متعلق روزنامہ ‘ایکسپریس ٹریبیون’ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق چمن شہر کے مال روڈ علاقے میں ایک موٹر سائیکل میں دھماکہ خیز مادہ نصب تھا جس کے دھماکے سے قریب میں موجود میکینک کی ایک دکان میں زبردست آگ لگ گئی۔ آگ اتنی شدید تھ کہ پوری دکان جل کر خاک ہو گئی۔
سیکورٹی اہلکار دھماکہ کی خبر سن کر فوراً جائے وقوع پر پہنچے اور پورے علاقے کو حصار میں لے لیا۔ بعد ازاں راحتی کام شروع کرتے ہوئے سب سے پہلے زخمیوں کو قریب کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔

https://twitter.com/aslamkhanbombay/status/1292742963567591426?s=19

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس میں ہلاک افراد کے اہل خانہ کے تئیں اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا بھی کی ہے۔