قاضی شریعت مولانا قاسم مظفر پوری کا انتقال ۔ علمی حلقہ سوگوار

مظفر پوری: (ملت ٹائمز) معروف عالم دین اور امارت شرعیہ پٹنہ کے قاضی شریعت مولانا محمد قاسم مظفر پوری آج طویل علالت کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ مولانا کی عمر 83 سال تھی اور گزشتہ کئی دنوں سے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔
مولانا قاسم مظفر پوری بہار کے نامور اور باصلاحیت عالم دین تھے اور شروع زمانہ سے امارت شرعیہ کے ساتھ وابستہ تھے ۔ کئی کتابوں کے مصنف ہیں اور متعدد اہم تنظیموں کے بانی ممبر ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مظفر پورمیں بروزمنگل یکم ستمبر کو بعد نماز ظہر مولانا کی تدفین ہوگی ۔

مولانا کی تاریخ ولاد1937 ہے ۔والدگرام مرحوم معین الحق تھے ۔بہار کے مظفر پور ضلع کے مادھوپور، ڈاکخانہ :انگواں، وایا ججوارہ گاﺅں میں آپ کی ولادت ہوئی ۔مدرسہ حمیدیہ قلعہ گھاٹ دربھنگہ بہارمیں آپ نے ابتدائی تعلیم حاصل کی ۔آپ کے اساتذہ میں حضرت مولانا عبدالجبار صاحب مونگیری، حضرت مولانا مقبول احمد خان صاحب کے نام سر فہرست ہیں ۔1957 میں آپ نے دارالعلوم دیوبند سے فراغت حاصل کی ۔ آپ کے اساتذہ میں حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی، حضرت علامہ محمد ابراہیم صاحب بلیاوی، حضرت مولانا اعزاز علی صاحب و حضرت مولانا شیخ فخرالدین صاحب مراد آبادی وغیرہ سر فہرست ہیں ۔
مدرسہ امدادیہ لہیریا سرائے دربھنگہ بہار سے آپ نے تدریس کا آغاز کیا ۔
مدرسہ رحمانیہ سوپول دربھنگہ میں 46 سالوں تک آپ نے تدریس کا فریضہ انجام دیا ۔مدرسہ طیبہ منت نگر مادھوپور، انگواں، ججوارہ، مظفرپور بہارکے آپ ناظم بھی تھے ۔اس کے علاوہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے رکن ۔امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے قاضی شریعت اور مجلس شوری کے رکن۔اسلامک فقہ اکیڈمی دہلی کے رکن اور مختلف دینی مدارس کے سرپرست تھے ۔آپ متعدد کتابوں کے مصنف بھی ہیں ۔1.رشتہ داروں کا احترام کیجئے اور یتیموں کا اکرام کیجئے۔2. بینک سے متعلق چند مسائل۔3.مسجد کے آداب اور اس کے احکام وغیرہ ۔