گلبرگہ میں ریلوئے ڈیویژن کے عاجلانہ قیام اور اسٹیشن میں لفٹ کی تعمیر پر زور

زونل منیجر ریلویز کو حیدرآبادکرناٹک جناپرا سنگھرش سمیتی کی یاد داشت

 گلبرگہ :حیدرآباد کرناٹک جنا پراسنگھرش سمیتی گلبرگہ کے صدرلکشمن دستی کی قیادت میں سمیتی کے عہدیداران کے وفد نے گلبرگہ ریلوئے اسٹیشن ماسٹر مسٹرپرساد سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی وساطت سے ایک یادداشت ممبئی زونل منیجر مسٹرسنجیو متل کو پیش کی جو اسی وقت شولاپور کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔یادداشت میں گلبرگہ میں ریلوے ڈیویژن کے قیام کویقینی بنانے کے لئے بعجلت ممکنہ اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے مطالبہ کیاگیا ہیکہ 1984میں سرین کمیٹی کی سفارشات اورواجپائی حکومت میں مسٹر نتیش کمار نے بحیثیت ریلوئے منسٹر گلبرگہ میں ریلوئے ڈیویژن کے قیام کی سفارش کی تھی تاہم سیاسی مفادات کے پیش نظر اس تجویز کوسردخانہ کی نذرکیاگیا۔ایم ملیکارجن کھرگے جب ریلوئے منسٹر ہوئے توگلبرگہ میں ریلوئے ڈیویژن کے قیام کے لئے انہوں نے تیزی سے اقدامات کرتے ہوئے اپنی دلچسپی ظاہرکی اور 5کروڑ روپئے بھی اس کے لئے فوری طورپرمنظور کئے گئے اور اس وقت ضروری بنیادی کام کاآغاز بھی ہوا۔ جب مرکزی حکومت میں تبدیلی آئی تو ان الزامات کے تحت کے گلبرگہ میں ریلوئے ڈیویژن کے قیام کے لئے منصوبہ کی کیبنٹ میں منظوری ہوئی اورنہ ہی اسے ریلوئے بورڈ نے منظورکیاہے لہٰذا گلبرگہ ڈیویژن کے ترقیاتی کاموں کو تعطل کاشکار بنایاگیا۔ یادداشت میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایاگیا ہے کہ یہ بات انتہائی تعجب  خیز ہے کہ ایک ریلوئے ڈیویژن کے قیام کے لئے درکار تمام ترضروری شرائط اورتقاضے گلبرگہ میں موجودہیں مگرمرکزی حکومت اپنی عدم دلچسپی کی وجہہ سے اس کام میں رکاوٹ پیداکررہی ہے۔یادداشت کی مزید تفصیلات میں بتایاگیاہے کہ مرکزی حکومت نے 2014میں منظورہ کام کو بلا وجہہ روکا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ریلوئے کی جانب سے ٹنڈر کال بھی ہواتھا۔ یادداشت میں مسافرین کے لئے منظورہ لفٹ کی تعمیر کے آغاز پر توجہہ دلاتے ہوئے بتایاگیا ہے کہ گلبرگہ ریلوے اسٹیشن پر مسافرین بالخصوص معمر مسافرین کے لئے بڑی دشواری لاحق ہے اور ان کی آسانی کے لئے ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم کی منتقلی انتہائی تکلیف دہ ہے اس لئے تعمیر کے لئے منظورہ لفٹ کوبہت تیزی سے تیار کرلیا جانا چاہئے،

یادداشت میں ریلوئے سرویس کوبحال کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے گلبرگہ حیدرآباد انٹرسٹی ایکسپریس،گلبرگہ گندکل ڈیمو اوربیدر گلبرگہ ڈیمو ٹرین شروع کرنے کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔شولاپور، کولہاپور ایکسپریس کو گلبرگہ تک توسیع دینے کے لئے بھی بورڈ سے اپیل کی گئی ہے۔

وفد میں حیدرآباد کرناٹک جناپرا سنگھرش سمیتی کے صدرلکشمن دستی کے ہمراہ دیگر عہدیداران واراکین عاملہ میں ڈاکٹرماجدداغی،مسٹر منیش جاجو نائبین صدر،محمدمعراج الدین،اسلم چونگے،سالومن دیواکر، سندھیاراج، شانتپا کارواسگی، ویریش پرانک اورشیوانند برادر ودیگر موجودتھے۔