مجاہد آزادی عباس طیب جی کی شخصیت پر پروگرام کا انعقاد ۔ لوگوں نے پیش کیا خراج عقیدت

نئی دہلی: (ملت ٹائمز) معروف مجاہد آزادی عباس طیب جی کی شخصیت اور خدمات پر آج عباس طیب جی ایجوکیشنل اینڈ چیری ٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام جامعہ نگر کے تسمیہ کانفرنس ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس دہلی ہائی کورٹ ڈاکٹر راجیش ٹنڈن نے کہاکہ عباس طیب جی پہلے ہندوستانی شخص تھے جنہیں انگریز کے دورحکومت میں جج بننے کا موقع ملا اور انہوں نے انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا ۔ آزادی کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مہاتماگاندھی کا ہر جگہ تعاون کیا ۔ پروفیسر شہپر رسول وائس چیرمین دہلی اردو اکیڈمی نے کہاکہ عباس طیب جی ہمارے عظیم ہیر و تھے ،انہیں یادر کھنا اور ان کی شخصیت پر تقریب کا انعقاد بہت اہم کام ہے ۔ عباس طیب جی ٹرسٹ کے نائب صدر اور معروف سماجی رہنما ڈاکٹر سید فاروق نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہاکہ عباس طیب نے آٹھویں کے بعد برطانیہ میں جاکر تعلیم حاصل کی اور دسویں کے امتحان میں پورے برطانیہ میں وہ ٹاپر بنے ۔ بھارت میں وہ جج بنے اور ملک کی آزادی کیلئے دن ورات ایک کرکے مہم چلائی ۔ مہاتما گاندھی کی وہ ہر جگہ مدد کرتے تھے ۔ گاندھی جی انہیں بہت چاہتے تھے اور اپنے ساتھ رکھتے تھے ۔ وہ 1853 میں پیدا ہوئے اور 1936 میں ان کی وفات ہوگئی ۔ان کے چچا بدر الدین طیب جی تھے جو کانگریس کے بانی ممبر تھے اور صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیا ۔

تقریب میں سینئر صحافی ایس ایم آصف ۔ ایڈوکیٹ آدتیہ مشرا ۔ ایم آر قاسمی ۔ مصور رحمان ۔ کاشف حسن ۔ مولانا افروز عالم قاسمی ۔ مولانا خالد حسین ندوی سمیت متعدد اہم لوگوں نے شرکت کی ۔ آصف اعظمی نے نظامت کا فریضہ انجام دیا جبکہ شمس تبریز قاسمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔